• تازہ ترین

    Monday, October 30, 2023

    غیرقانونی طور پر مقیم غیر ملکی باشندوں کی ملک بدری کی ڈیڈ لائن کا آج آخری دن



    پاکستان میں غیرقانونی طور پر مقیم غیر ملکی باشندوں کی ملک بدری کی ڈیڈ لائن کا آج آخری دن ہے، گزشتہ روز تین ہزار کے قریب افغان باشندے افغانستان واپس جانے کے لیے پاک افغان سرحد باب دوستی پہنچے، چمن میں کرائے پر رہنے والے افغان باشندوں کو گھر خالی کرنے کے لیے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے مساجد میں اعلانات کرائے جارہے ہیں۔ڈپٹی کمشنر چمن راجہ اطہر عباس کے مطابق افغان شہریوں کی مرضی سے وطن واپسی میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے۔ پیر کو تین ہزار کے قریب افغان شہری وطن واپس جانے کیلئے باب دوستی پہنچے جن میں سے دیر سے آئے آٹھ سو افغانی باب دوستی گیٹ کے مقررہ وقت پر بند ہونے کے باعث افغانستان نہ جاسکے۔ 

    ان افغان خاندانوں کو باب دوستی گیٹ پر رہائشی کیمپ کرکے کھانا بھی فراہم کیا گیا، دوسری طرف رات گئے ضلع کے دور دراز علاقوں، محلوں اور دیہات کی مساجد میں اعلانات کے ذریعے افغان شہریوں کو گھر خالی کرنے کی وارننگ دی گئی، یہ بھی کہا گیا کہ یکم نومبر سے پہلے گھر خالی نہ کرنے والے افغانیوں اور مالک مکان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔چمن میں گزشتہ روز محلوں، دیہات کی مساجد سے افغان شہریوں کو کل تک گھر خالی کرنے کی وارننگ دی گئی۔

     

    پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج شہروں کا عالمی دن منایا جا رہا ہے



    پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج شہروں کا عالمی دن منایا جا رہا ہے، کراچی ملک کا سب سے بڑا شہر ہونے کے باوجود حکومتی عدم توجہی کے باعث بے پناہ مسائل کا شکار ہے، شہری بنیادی سہولیات تک سے محروم ہیں۔پاکستان سمیت دنیا بھر میں 31 اکتوبر ورلڈ سٹیز ڈے کے طور پر منایا جاتا ہے جس کا مقصد شہری علاقوں کو درپیش مسائل کے حل، ترقی، عالمی تعاون کے فروغ اور مواقعوں کو اجاگر کرنا ہے، آبادی کے لحاظ سے کراچی دنیا کے 104 شہروں اور دنیا کے کئی ممالک سے بڑا ہے۔

    شہر کراچی جتنا بڑا ہے اس کے مسائل بھی اتنے ہی زیادہ ہیں تاہم ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کرنے کے باوجود شہر قائد کے مسائل آج بھی توجہ طلب ہیں، ملک کے سب سے بڑے شہر اور معاشی حب کراچی کو اسکی اہمیت کے مطابق ترقی نہیں دی جا سکی، دو کروڑ سے زائد آبادی پر مشتمل اس میگا سٹی میں شہری بنیادی سہولیات تک سے محروم ہیں۔

    کراچی کی لاکھوں کی آبادی پینے کے صاف پانی کیلئے ترس رہی ہے، سڑکوں کی تباہ حالی، کچرے کا ناقص نظام اور بوسیدہ حال سیوریج سسٹم کے باعث شہری سخت مشکلات سے دوچار ہیں، سٹریٹ کرائم کی وارداتیں بھی معمول بنی ہوئی ہیں، شہریوں کے تحفظ اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے موثر اقدامات عرصہ سے التوا کا شکار ہیں۔

    سپریم کورٹ بار کے انتخابات کیلئے آج میدان سجے گا



    سپریم کورٹ بار کے انتخابات کیلئے آج میدان سجے گا، عاصمہ جہانگیر گروپ کے صدارتی امیدوار شہزاد شوکت اور حامد خان گروپ کے میاں عبدالقدوس سمیت 8 نشستوں کیلئے 21 امیدوار مد مقابل ہوں گے۔سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات کیلئے انتظامات مکمل کر لیے گئے، ووٹنگ کا وقت آج صبح ساڑھے 8 سے شام 5 بجے تک ہے، انتخابات میں ملک بھر سے 3756 ووٹرز وکلا حق رائے دہی استعمال کریں گے، لاہور کے 1348، اسلام آباد راولپنڈی 678، ملتان 243 اور بہاولپور کے 114 وکلا ووٹ ڈالیں گے، ریٹرننگ آفیسرکی جانب سے امیدواروں کی کامیابی کا اعلان 3 نومبر کو کیا جائے گا۔

    صدارت کے عہدے کیلئے عاصمہ جہانگیر گروپ کے شہزاد شوکت اور حامد خان گروپ کے میاں عبدالقدوس کا تعلق لاہور سے ہے، نائب صدر کی چاروں صوبوں کی چار نشستوں پر 11 امیدوار مدمقابل ہیں، سیکرٹری کی سیٹ پر دو امیدوار سید علی عمران سید اور سلمان منصور آمنے سامنے ہیں، ایڈیشنل سیکرٹری کی نشست پر محمد اورنگزیب خان اور سردار شہباز کھوسہ میں مقابلہ ہو گا۔فنانس سیکرٹری کی نشست پر 3 امیدوار علی احمد رانا، ریاض حسین اور رفعت اسلام مدمقابل ہیں۔

    عاصمہ جہانگیر گروپ کے صدارتی امیدوار شہزاد شوکت کا کہنا ہے کہ منتخب ہونے کے بعد بار کو سیاسی جماعتوں کا آلہ کار نہیں بننے دیں گے جبکہ حامد خان گروپ کے امیدوار میاں عبدالقدوس کہتے ہیں منتخب ہو کر وکلاء سے کیے گئے وعدے پورے کریں گے۔

    شیاؤمی کے ٹیلی وژن بھی اب پاکستان میں بنیں گے



    سمارٹ موبائل فون بنانے والی کمپنی شیاؤمی پاکستان کی مقامی کمپنی کے اشتراک سے آئندہ چند ماہ میں مقامی سطح پر  سمارٹ ٹیلی وژن بھی بنانا شروع کردے گی۔ابتدائی طور پر امریکی جریدے ’بلوم برگ‘ نے اگست 2023 میں اپنی خصوصی رپورٹ میں بتایا تھا کہ شیاؤمی پاکستانی کمپنی ’ایرلنک کمیونی کیشن‘ کے اشتراک سے اسمارٹ ٹیلی وژن بنانے کا کام 2024 سے شروع کرے گی۔

    ’ایرلنک کمیونی کیشن‘ پاکستان اسٹارک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں بھی رجسٹرڈ ہے اور مذکورہ کمپنی نے اپنے سرمایہ کاروں کو بتایا ہے کہ کمپنی جلد ہی اسمارٹ ٹیلی وژن بھی بنانا شروع کردے گی۔مذکورہ کمپنی پاکستان میں شیاؤمی سمیت اس کے دیگر برانڈز کے فونز کی تیاری بھی کرتی ہے اور یہی کمپنی چینی کمپنی کی مقامی پارٹنر بھی ہے۔ایئر لنک اور شیاؤمی کے درمیان اگست میں پاکستان کے اندر ٹیلی وژن بنانے پر اتفاق بھی ہوا تھا اور اب کمپنی نے اسٹاک مارکیٹ کو بتایا ہے کہ کمپنی جلد مقامی سطح پر شیاؤمی برانڈ کے اسمارٹ ٹیلی وژن بنانا اور فروخت کرنا شروع کردے گی۔

    پاکستان میں دیگر ملٹی نیشنل کمپنیاں بھی مقامی کمپنیوں کے اشتراک سے اسمارٹ ٹیلی وژن بناکر انہیں فروخت کرتی ہیں جب کہ شیاؤمی اس وقت تیزی سے مقبول ہونے والی چند کمپنیوں میں سے ایک ہے۔شیاؤمی چین کی سب سے نمایاں اسمارٹ موبائل اور دیگر الیکٹرانک آلات تیار کرنے والی کمپنی ہے جو دنیا کے متعدد ممالک میں مختلف کمپنیوں کے اشتراک سے وہاں مصنوعات تیار کرتی ہے۔

    خیال ظاہر کیا جا رہا ہے کہ شیاؤمی برانڈ کے ٹیلی وژن پاکستان میں بننے کے بعد اسمارٹ ٹیلی وژن کی قیمتوں میں نمایاں کمی ہونے سمیت روزگار کے مواقع بھی بڑھیں گے۔توقع کی جا رہی ہے کہ پاکستان میں مقامی سطح پر شیاؤمی کے تیار کردہ ٹیلی وژن مارچ 2024 تک مارکیٹ میں فروخت کے لیے پیش کردیے جائیں گے، تاہم اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔

    بھولنا ایک  بڑی خطرناک بیماری کی علامت



    امریکی ماہرین کی جانب سے بڑے پیمانے پر کی جانے والی تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ چیزوں کو بھول جانا بھی مستقبل میں ’الزائمر‘ کی بیماری ہونے کی ابتدائی علامت ہو سکتی ہے لیکن خطرناک بات یہ ہے کہ اس عمل کو پوری دنیا میں ہر کوئی عام بات تصور کرکے نظر انداز کردیتا ہے۔یہ عین ممکن ہے کہ کسی بھی عمر کا کوئی بھی شخص اپنا موبائل کہیں رکھ کر بھول جائے یا پھر اسے فون کے چارجر کو تلاش کرنے میں مشکلات سامنا ہو۔

    اسی طرح بعض مرتبہ نوجوان افراد ایک سے دوسری جگہ کسی کام کے لیے سفر کرتے ہیں لیکن وہاں پہنچتے ہیں وہ کام کو بھول جاتے ہیں۔اسی طرح کچھ لوگوں کو یہ یاد نہیں رہتا کہ کل انہوں نے دوست کے ساتھ کس معاملے پر بحث کی تھی اور اس کا نتیجہ کیا نکلا تھا اور اس میں کیا طے کیا گیا تھا؟ایسی اور بھی بہت ساری چیزیں اور معاملات ہیں جو ہر عمر کے شخص کو یاد رکھنے میں مشکلات درپیش ہوتی ہیں، تاہم بعض افراد کے ساتھ یہ مسئلہ دوسروں کے مقابلے شدید ہوتا ہے۔عام طور پر چیزوں اور باتوں کو کچھ دیر کے لیے بھول جانے کو کوئی بیماری نہیں تسلیم کیا جاتا اور ماہرین صحت بھی ایسی علامات کو نظر انداز کرکے اسے کمزوری سمیت دیگر مسائل سے جوڑتے ہیں۔

    تاہم اب ایک طویل تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ چیزوں کو بھول جانا یا پھر کم وقت کے لیے ہی سہی کسی موضوع یا مسئلے کو سوچنے کے باوجود یاد نہ کرپانا دراصل مستقبل میں الزائمر کی ابتدائی علامت ہو سکتی ہے۔طبی جریدے ’الزائمر ریسرچ اینڈ تھراپی‘ میں شائع تحقیق کے مطابق ماہرین نے چیزوں اور باتوں کو بھول جانے کا تعلق الزائمر سے دریافت کرنے کے لیے تقریبا 4 کروڑ افراد کے ڈیٹا کا جائزہ لیا۔

    ڈیٹا میں شامل زیادہ تر افراد کی عمریں 65 سال یا اس سے زائد تھیں اور ڈیٹا کے جائزے کے دوران لاکھوں افراد زندگی کی بازی بھی ہار چکے تھے۔ماہرین نے دیکھا کہ مذکورہ افراد میں سے اتنے کیسے افراد تھے، جنہیں چیزوں یا باتوں کو بھولنے کی عادت تھی اور پھر ان میں بعد میں الزائمر کی تشخیص ہوئی۔

    نتائج سے معلوم ہوا ہے کہ ماہرین نے جن افراد کے ڈیٹا کا جائزہ لیا، اس میں سے 80 لاکھ افراد میں بعد میں الزائمر کی تشخیص ہوئی تھی جب کہ کئی سال قبل ان میں چیزوں اور باتوں کو بھول جانے کی بیماری تھی لیکن اس وقت انہوں نے اسے بیماری نہیں سمجھا تھا۔نتائج سے یہ بھی معلوم ہوا کہ جن 80 لاکھ افراد میں الزائمر کی تشخیص ہوئی، ان میں سے 70 لاکھ افراد ایسے تھے، جنہوں نے بھولنے کے مسائل کو کبھی بیماری ہی نہیں سمجھا اور نہ ہی اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے انہوں نے کوئی کوشش کی جب کہ ڈاکٹرز نے بھی انہیں مذکورہ مسئلے کو بیماری سمجھنے کی تلقین نہیں کی۔

    ماہرین کے مطابق دنیا بھر میں بھولنے کی بیماری ہر عمر کے افراد کو ہو سکتی ہے اور اس کی متعدد وجوہات ہو سکتی ہیں، تاہم اسے نظر انداز کرنا خطرناک ثابت ہوسکتا ہے، ایسی علامات کے بعد ڈاکٹرز سے رجوع کرنا چاہئیے اور ماہرین صحت کو بھی اسے بیماری کے طور پر سمجھنا چاہئیے۔

    اسرائیل کے  وحشیانہ حملوں میں 3 ہزار  500 بچے شہید ہوچکے



    اسرائیل کی جانب سے غزہ میں معصوم فلسطینی بچوں کی نسل کشی کا سلسلہ جاری ہے۔7 اکتوبر سے اب تک غزہ میں اسرائیل کے  وحشیانہ حملوں میں 3 ہزار  500 بچے شہید ہوچکے ہیں، ایک ہزار لاپتا بچوں کے ملبے میں دبے ہونےکا بھی خدشہ ہے۔

    بچوں کے حقوق کے لیے سرگرم عالمی تنظمیم 'سیو دی چلڈرن' کا کہنا ہےکہ  صرف 24 روز میں موت کی آغوش میں جانے والے غزہ کے بچوں کی تعداد گزشتہ 4 سال میں دنیا بھر میں جنگ زدہ علاقوں میں ہلاک بچوں سے زیادہ ہے۔اسرائیلی فلسطین کے اسپتالوں کو نشانہ بنانے سے بھی باز نہیں آرہا، غزہ کے واحد کینسر اسپتال کے قریب بھی بمباری کی گئی، غزہ  پر اسرائیلی بمباری سے طبی عملے کے 124 ارکان شہید ہوچکے ہیں، غزہ وزارت صحت کے مطابق بمباری سے اب تک 32 طبی مراکز غیر فعال اور 25 ایمبولینس ناکارہ ہوچکی ہیں۔

    دوسری جانب غزہ میں داخلے کے لیے 75 امدادی ٹرک مصر کے رفح بارڈر پہنچ گئے ہیں ، امریکی میڈيا کی رپورٹ کے مطابق  اسرائیلی فوج  غزہ میں جانے سے پہلے ٹرکوں کی تلاشی کر رہی ہے۔7 اکتوبر سے  پہلے روز  455 ٹرک غزہ میں داخل ہوا کرتے تھے، مصری حکام کے مطابق جنگ چھڑنے کے بعد سے رفح کراسنگ پر صرف 193 امدادی ٹرک پہنچے ہیں جن میں سے بھی غزہ میں محض 118 ٹرک داخل ہوئے ہیں۔

    فلسطینی ریڈ کراس کا کہنا ہےکہ اسرائیلی فوج کی سخت چیکنگ سے امداد پہنچنے کا سلسلہ سست روی کا شکار  ہے، امدادی ٹرکوں میں صرف خوراک، پانی اور دوائیں لے جانے کی اجازت ہے۔

     

    امریکا میں پاکستانی نژاد ڈاکٹر چاقو مار کر قتل کردیا گیا



    امریکا میں پاکستانی نژاد ڈاکٹر طلعت جہاں کو ہیوسٹن میں چاقو مار کر قتل کردیا گیا۔رپورٹس کے مطابق52 سالہ ڈاکٹر طلعت جہاں خان کو ہفتے کی دوپہر امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر ہیوسٹن میں اُن کی رہائشی بلڈنگ میں چاقو بردار حملہ آور نے قتل کیا۔حملہ آور نے ڈاکٹر طلعت خان پر متعدد وار کیے اور وہ زخمیوں کی تاب نہ لاکر چل بسیں۔ ابتدائی تحقیقات میں قتل کی وجوہات معلوم نہ ہوسکیں۔تاہم بعد ازاں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے امریکا میں پاکستانی نژاد ڈاکٹر طلعت جہاں خان کو قتل کرنے والے شخص کو گرفتار کر لیا۔ 

    رپورٹس کے مطابق 24 سالہ حملہ آور سفید فام مائلز جوزف فرِیڈ رِیش پر قتل کا فردِ جرم بھی عائد کر دیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ قتل کی وجہ جاننے کے لیے تفتیش جاری ہے۔ڈاکٹر طلعت  کے رشتہ داروں کو کہنا ہے کہ انہوں نے اس سے پہلے ملزم کو کبھی نہیں دیکھا، وہ رواں سال جولائی میں واشنگٹن سے ٹیکساس منتقل ہوئی تھیں۔ 

     

    سیز فائر کا مطلب ہے اسرائیل حماس، دہشت گردی کے آگے ہتھیار ڈال دے، اسرائیلی وزیراعظم



    اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے غزہ میں جنگ بندی کے امکان کو مسترد کر دیا۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی وزیر اعظم نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ اسرائیل 7 اکتوبر کے حملوں کے بعد حماس سے دشمنی ختم  کرنے پر اتفاق نہیں کرے گا۔

    نیتن یاہو کا کہنا ہے کہ سیز فائر کا مطلب ہے اسرائیل حماس، دہشت گردی کے آگے ہتھیار ڈال دے، یہ جنگ کا وقت ہے، یہ جنگ ہمارے مشترکہ مستقبل کے لیے ہے۔اسرائیلی وزیر اعظم نے کہا کہ آج ہمیں تہذیب اور بربریت کی قوتوں کے بیچ لکیر بنانی ہے، اسرائیل نے یہ جنگ شروع نہیں کی، حماس اس برائی کے ٹولے کا حصہ ہے جسے ایران تشکیل دے رہا ہے۔

    واضح رہے کہ 7 اکتوبرسے جاری حملوں میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 8 ہزار 400 ہوگئی جبکہ 23 ہزار سے زائد زخمی ہوئے ہیں، شہدا میں سے 73 فیصد بچے،خواتین اور عمررسیدہ افراد ہیں۔اسرائیلی حملوں سے ہائرایجوکیشن سے وابستہ سوا چار سو طلبہ بھی شہید ہوئے ہیں جبکہ اقوام متحدہ کے ہلاک اہلکاروں کی تعداد 63 تک جاپہنچی ہے۔

    اس کے علاوہ غزہ کے ترک فلسطینی دوستی کینسر اسپتال پر بھی اسرائیل کی جانب سے بمباری کی گئی جس کی و جہ سے اسپتال کا ایک حصہ تباہ ہوگیا۔دن رات فضائی حملوں نے غزہ کو ملبے کا ڈھیر بنا دیا، 45 فیصد رہائشی مکان اور عمارتیں تباہ ہوگئی ہیں جبکہ سامان کی قلت کے سبب اقوام متحدہ کو امدادی مشن محدود کرنا پڑگیا۔  

     

    ورلڈ کپ میں پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان اہم مقابلہ آج کولکتہ میں ہوگا



    ورلڈ کپ میں پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان اہم مقابلہ آج کولکتہ میں ہوگا، دونوں ٹیموں کی تیاریاں مکمل ہیں، پاکستان ٹیم نے ایڈن گارڈن میں بھرپور ٹریننگ کی۔میچ کے لیے قومی ٹیم میں تین تبدیلیاں متوقع ہیں، اوپنر امام الحق کی جگہ فخر زمان، آل راؤنڈر محمد نواز کی جگہ سلمان علی آغا اور لیگ اسپنر شاداب خان کی جگہ اسامہ میر کے پلیئنگ الیون کا حصہ بننے کا امکان ہے۔

    افغانستان کی جیت کے بعد بھی پاکستان کے ٹورنامنٹ میں آگے بڑھنے کی امید ہے۔سیمی فائںل میں جانے کے لیے پاکستان کو اپنے تینوں میچ جیتنا ہوں گے، ساتھ ہی شائقین کو نیوزی لینڈ کی ناکامیوں کی دعا بھی کرنا ہوگی۔پاکستان کے اگلے تین میچ بنگلا دیش، نیوزی لینڈ اور انگلینڈ سے ہیں جبکہ نیوزی لینڈ کے تین میچ جنوبی افریقا، پاکستان اور سری لنکا سے ہیں۔

    لیونل میسی نے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ ’بیلن ڈی  اور‘ اپنے نام کرلیا



    ارجنٹینا سے تعلق رکھنے والے عالمی شہرت یافتہ فٹبالر لیونل میسی نے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ ’بیلن ڈی  اور‘ اپنے نام کرلیا، انہوں نے آٹھویں مرتبہ یہ اعزاز اپنے نام کیا۔فرانس کے دارالحکومت پیرس میں منعقدہ تقریب میں لیونل میسی کو سال 2023 کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

    لیونل میسی نے گزشتہ سیزن کے دوران 41 میچوں میں 21 گول اسکور کیے، انہوں نے ورلڈکپ 2022 میں ارجنٹینا کو 36 سال بعد تیسری بار جتوانے میں بھی اہم کردار ادا کیا۔معروف اسٹرائیکر لیونل میسی نے ورلڈکپ 2022 میں 7 گول مارے جبکہ 3 گول کرنے میں اپنے ساتھیوں کی مدد کی۔

    علاوہ ازیں میسی نے رواں سال امریکی فٹبال کلب انٹر میامی کو پہلی بار لیگز کپ جتوانے میں بھی اہم کردار ادا کیا، انہوں نے لیگ کے 14 میچز میں 11 گول اسکور کیے۔دوسری جانب لیونل میسی کی ارجنٹینا ٹیم کے ساتھی امیلیانو مارٹینیز نے بہترین گول کیپر کی یاشن ٹرافی جیت لی ہے۔

    اسی طرح انگلینڈ اور ریال میڈرڈ کے مڈفیلڈر جوڈ بیلنگھم کو کوپا ایوارڈ سے نوازا گیا۔واضح رہے کہ پرتگال سے تعلق رکھنے والے لیجنڈ فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو 5 مرتبہ ’بیلن ڈی اور‘ ایوارڈ جیت چکے ہیں۔

    ورلڈ کپ کرکٹ، افغانستان نے سری لنکا کو 7 وکٹوں سے شکست دیدی


     

    بھارت میں جاری آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2023 کے 30 ویں میچ میں افغانستان نے سری لنکا کو 7 وکٹوں سے بآسانی شکست دیدی۔ بھارت کے شہر پونے کے مہاراشٹرا کرکٹ سٹیڈیم میں ہونیوالے آئی سی سی ورلڈ کپ کے 30 ویں میچ میں افغانستان کے کپتان ہشمت اللہ شاہدی نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، پہلے کھیلتے ہوئے سری لنکا کی پوری ٹیم آخری اوور میں 241 رنز بناکر پویلین لوٹ گئی۔

    افغانستان نے 242 رنز کا ہدف 45.2 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا، عظمت اللہ عمرزئی نے 73، کپتان ہشمت اللہ شاہدی نے58 ، رحمت شاہ نے 62 اور ابراہیم زدران نے 39 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔قبل ازیں سری لنکا کی جانب سے دموتھ کرونا رتنے 15 رنز بنا کر فضل الحق فاروقی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے، کپتان کوش مینڈس اور اوپنر پاتھم نسانکا نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے سکور کو آگے بڑھایا۔

    پاتھم نسانکا 46 رنز بنا کر عظمت اللہ عمرزئی کی گیند پر کیچ تھما بیٹھے، کپتان 39 رنز بنا کر مجیب الرحمان کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے، دھننجایا ڈی سلوا 14 رنز بنا کر راشد خان کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔

    چارتھ اسالنکا 22 رنز بنا کر ضل الحق فاروق کی گیند پر کیچ تھما بیٹھے دیگر کھلاڑیوں میں اینجلو میتھیوز23، مہیش تھیکشنا29، کسن راجیتھا5، دشمنتھا چمیرا ایک رن بنا کر پویلین لوٹ گئے ۔افغانستان کی جانب سے فضل حق فاروق نے 4، مجیب الرحمن نے 2 جبکہ راشد خان اور عظمت اللہ عمرزئی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی، سری لنکا کے دو کھلاڑی رن آؤٹ ہوئے۔

    قومی ویمنز کرکٹ ٹیم ڈھاکا پہنچ گئی



    پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم چٹوگرام سے ڈھاکا پہنچ گئی۔پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم آج آرام کریں گی اور کل سے ٹریننگ کا آغاز کریں گی۔

    ڈھاکا میں پاکستان اور بنگلہ دیش ویمنز کرکٹ ٹیمیں تین ون ڈے انٹرنیشنل میچوں کی سیریز میں حصہ لے گی۔ون ڈے انٹرنیشنل سیریز کا پہلا میچ چار نومبر کو کھیلا جائے گا۔

    اس سے قبل چٹوگرام میں پاکستان اور بنگلہ دیش ویمنز کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں کی سیریز میزبان ٹیم نے دو ایک سے جیتی تھی۔پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم نے بنگلہ دیش کو کل کھیلے جانے والے تیسرے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ میں 31 رنز سے شکست دی تھی۔

    اسٹیٹ بینک نے نئی مانیٹری پالیسی کا اعلان کر دیا، اسٹیٹ بینک نے شرح سود 22 فیصد برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا۔گورنر سٹیٹ بینک کی سربراہی میں مانیٹری پالیسی کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں ملکی معاشی صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور شرح سود میں ردوبدل نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ مرکزی بینک کے مطابق مانیٹری پالیسی کمیٹی کے اجلاس کے بعد شرح سود میں ردوبدل نہ کرنے کا اعلان کیا گیا اور شرح سود 22 فیصد برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔سٹیٹ بینک کے مطابق ستمبر 2023 میں مہنگائی میں اضافہ ہوا جبکہ اکتوبر میں مہنگائی میں کمی متوقع ہے، گیس کی قیمت بڑھنے کا اثر مہنگائی پر پڑ سکتا ہے۔ واضح رہے کہ سٹیٹ بینک نے 26 جون 2023 کو شرح سود 100 بیس پوائنٹس یعنی 1 فیصد بڑھانے کا فیصلہ کیا تھا جس کے بعد بنیادی شرح سود 22 فیصد ہو گئی تھی۔



    اسٹیٹ بینک نے نئی مانیٹری پالیسی کا اعلان کر دیا، اسٹیٹ بینک نے شرح سود 22 فیصد برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا۔گورنر سٹیٹ بینک کی سربراہی میں مانیٹری پالیسی کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں ملکی معاشی صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور شرح سود میں ردوبدل نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

    مرکزی بینک کے مطابق مانیٹری پالیسی کمیٹی کے اجلاس کے بعد شرح سود میں ردوبدل نہ کرنے کا اعلان کیا گیا اور شرح سود 22 فیصد برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔سٹیٹ بینک کے مطابق ستمبر 2023 میں مہنگائی میں اضافہ ہوا جبکہ اکتوبر میں مہنگائی میں کمی متوقع ہے، گیس کی قیمت بڑھنے کا اثر مہنگائی پر پڑ سکتا ہے۔

    واضح رہے کہ سٹیٹ بینک نے 26 جون 2023 کو شرح سود 100 بیس پوائنٹس یعنی 1 فیصد بڑھانے کا فیصلہ کیا تھا جس کے بعد بنیادی شرح سود 22 فیصد ہو گئی تھی۔ 

    دنیا کا کوئی بھی ملک بغیر ویزے کے رہائش کی اجازت نہیں دیتا، نگران وزیر داخلہ



     نگران وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے کہا کہ انخلا کا معاملہ غیر قانونی مقیم افراد کیخلاف ہے کسی مخصوص گروہ کیخلاف نہیں ہے۔نگران وفاقی وزیراطلاعات مرتضیٰ سولنگی اورنگران وزیرداخلہ سرفرازبگٹی نے نیوزکانفرنس کی، سرفراز بگٹی نے کہا کہ ہمارے اوپر کوئی فارن پریشرنہیں نہ ہم پریشر لیتے ہیں، دنیا کا کوئی بھی ملک بغیر ویزے کے رہائش کی اجازت نہیں دیتا، جو بھی ویزے کے بغیر غیرملکی ہوگا اسے واپس بھیجیں گے۔

    نگران وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ ہم نے جیو فینسنگ کی ہے، لگ بھگ دولاکھ کے قریب غیرملکی واپس جاچکے ہیں، ہولڈنگ سینٹر میں فوڈ، ہیلتھ کی سہولیات دیں گے، جس نے پاکستان آنا ہے ویزا لیکرآئے، یہ تاثرغلط ہے کہ صرف افغانستان کے لوگوں کو نکالا جارہا ہے،غیرقانونی مقیم افغان شہریوں کو قریبی بارڈر تک پہنچایا جائے گا۔

    سرفراز بگٹی نے کہا کہ ہم سیاسی حکومت نہیں نہ کوئی ہمارا سیاسی ایجنڈا ہے، سیاسی جماعتوں کو ایک دوسرے سے بات چیت کے لئے ہماری مدد کی ضرورت نہیں ہے، سیاسی جماعتوں نے ابھی تک ایسی کوئی ہم سےخواہش ظاہرنہیں کی، شفقت محمود سے ملاقات ذاتی نوعیت کی تھی۔

    انتخابات کی تاریخ کا اعلان کرنا میرا مینڈیٹ نہیں، نگران وزیراعظم



     نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ انتخابات کی تاریخ کا اعلان الیکشن کمیشن کرے گا یہ میرا مینڈیٹ نہیں ہے، ہمارا کام الیکشن کمیشن کی معاونت کرنا ہے۔

     

    نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کی یونیورسٹی کے طلبا و طالبات کے ساتھ خصوصی نشست ہوئی، انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ طالب علمی کا زمانہ آپ کی زندگی کا قیمتی سرمایہ ہوتا ہے، نوجوان ہمارے ملک کا سرمایہ ہیں، ہمیں اپنے نوجوانوں سے بہت سی توقعات ہیں۔

    انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ درست فیصلے آپ کی ترقی اور کامیابی کے ضامن ثابت ہوتے ہیں، معیاری تعلیم کے فروغ میں لمز یونیورسٹی کا کردار قابل تعریف ہے، انسان اپنی غلطیوں سے سبق سیکھتا ہے، کوشش ہو گی کہ آئندہ بھی طلبا و طالبات کے ساتھ نشستیں ہوتی رہیں۔

    نگران وزیراعظم نے کہا کہ نگران حکومت کا قیام آئینی طریقے سے عمل میں آیا، الیکشن کی تاریخ کا اعلان کرنا میرا مینڈیٹ نہیں ہے، ہمارا کام الیکشن کمیشن کی معاونت کرنا ہے، پنجاب اور خیبرپختونخوا کے الیکشن میرے وزیراعظم بننے سے پہلے تاخیر کا شکار ہو چکے تھے۔

    انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ سوشل میڈیا پر بے بنیاد پروپیگنڈا کیا جاتا ہے، سوشل میڈیا پر ایسے کلچر کو پروموٹ نہیں کرنا چاہئے، سوشل میڈیا پرتنقید کرنے والے کسی کی ماں، بہن کو بھی نہیں چھوڑتے، پاکستان میں اس وقت عبوری جمہوریت ہے، مستحکم جمہوریت نہیں ہے۔

    نگران وزیراعظم نے کہا کہ ہمیں ایک دوسرے کے سیاسی نظریات کا احترام کرنا چاہئے، تعصبات سے بالاتر ہو کر ہمیں قومی تعمیر و ترقی میں حصہ ڈالنا ہو گا، آزادی اظہاررائے کی بھی کچھ حدود وقیود ہوتی ہیں، نو مئی جیسے واقعات کی کسی کو بھی اجازت نہیں دی جا سکتی، نو مئی کا واقعہ بہت افسوسناک تھا، قانون سے کوئی بھی بالاتر نہیں ہے۔

    انوارالحق کاکڑ نے مزید کہا کہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کو سزا ملے گی، قانون سازی پارلیمنٹ کا حق ہے، افغان مہاجرین کو ملک سے بے دخل نہیں کیا جا رہا، غیرقانونی مقیم افراد کو ملک چھوڑنے کا کہا گیا ہے، دنیا میں کسی بھی غیرملکی کو ویزے کے بغیر آنے کی اجازت نہیں ہوتی۔

    وزیر اعلیٰ پنجاب اور چیف الیکشن کمشنر کی زیر صدارت اہم اجلاس، انتخابات کی تیاریاں کا جائزہ



    پنجاب حکومت اور الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کو پُرامن اور شفاف بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ایوان وزیراعلیٰ میں محسن نقوی اور چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا جس میں الیکشن کمیشن آف پاکستان کے چاروں صوبوں کے ممبرز اور پنجاب کابینہ کے ارکان شریک ہوئے، اجلاس میں عام انتخابات کے انعقاد کے لئے الیکشن کمیشن کے انتظامات اور پنجاب حکومت کی تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

    اجلاس کے دوران الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے پنجاب میں عام انتخابات کی تیاریوں سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔اجلاس میں عام انتخابات کے لئے سکیورٹی انتظامات پر بھی بریفنگ دی گئی،نگران پنجاب حکومت اور الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کا پُرامن،آزادانہ اور منصفانہ انعقاد یقینی بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔

    عام انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے نگران پنجاب حکومت الیکشن کمیشن کے ساتھ کوآرڈینیشن کے لئے فوکل پرسن مقرر کرے گی۔اجلاس کے دوران چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کا کہنا تھا کہ عام انتخابات کا وقت قریب ہے،سب نے مل کر منصفانہ اور شفاف الیکشن کو یقینی بنانا ہے،عام انتخابات مقررہ وقت پر ہوں گے،نگران پنجاب حکومت کو فری اینڈ فیئر الیکشن کے لئے مکمل سپورٹ کریں گے۔

    انہوں نے کہا کہ 30نومبر تک حلقہ بندیوں کا مرحلہ مکمل ہو جائے گا، الیکشن کمیشن شفاف،آزادانہ اور منصفانہ عام انتخابات کرانے کے لئے تیار ہے،نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کی قیادت میں پنجاب حکومت کے اب تک کے اقدامات سے مکمل طور پر مطمئن ہیں۔

    اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کے ساتھ عام انتخابات کے پرامن اور شفاف انعقاد کے لئے ہر ممکن تعاون کیا جائے گا، پنجاب میں الیکشن کے آزادانہ انعقاد کو یقینی بنانے کے لئے فول پروف انتظامات کئے جائیں گے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ نگران پنجاب حکومت کی ٹیم عام انتخابات کے منصفانہ انعقاد کو یقینی بنانے کے لئے الیکشن کمیشن کی گائیڈ لائنز پر من وعن عمل کرے گی،عام انتخابات کا منصفانہ،آزادانہ اور پرامن انعقاد قومی ذمہ داری ہے جسے احسن طریقے سے نبھائیں گے۔

    الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ممبر سندھ نثار احمد درانی، ممبر بلوچستان شاہ محمد جتوئی، ممبر کے پی کے جسٹس (ر) اکرام اللہ خان، ممبر پنجاب بابر حسن بھروانہ،سپیشل سیکرٹری الیکشن کمیشن آف پاکستان ڈاکٹر سیدآصف حسین اجلاس میں شریک تھے۔

    سپیشل سیکرٹری الیکشن کمیشن آف پاکستان ظفر اقبال حسین،صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب سعید گل،چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، ایڈیشنل چیف سیکرٹری، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، محکموں کے سیکرٹریز اور اعلیٰ حکام نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔

    انضمام الحق نے چیف سلیکٹر کے عہدے سے استعفیٰ دیدیا



    انضمام الحق نے پاکستان کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔نجی ٹی وی چینل  سے گفتگو کرتے ہوئے انضمام الحق نے استعفے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ جب الزامات لگے تھے تو بورڈ سے میری بات ہوئی تھی اور ان سے کہا تھا کہ اگر کوئی شک ہے تو اس پر انکوائری ہونی چاہیے۔

    ان کا کہنا تھا کہ بورڈ نے انہیں بتایا کہ ہم نے 5 رکنی کمیٹی بنا دی ہے، کمیٹی بنی ہے تو اس دن تک میں مستعفی ہوجاتا ہوں اور کمیٹی اپنی تحقیقات مکمل کرے اور چیزیں جیسے مکمل ہوجاتی ہیں تو اس کے بعد میں پی سی بی کے ساتھ بیٹھ جاؤں گا۔

    انضمام الحق نے کہا کہ ہم کرکٹر ہیں، مجھے بہتر لگا کہ اگر میرے اوپر کسی چیز کی انکوائری ہے تو میرا عہدہ ایسا ہے کہ مجھے مستعفی ہونا چاہیے اور انکوائری کو آرام سے کرنے دینی چاہیے اور جو بھی نتیجہ آئے پھر اس کو دیکھ لینا چاہیے۔

    انہوں نے کہا کہ سلیکٹر کی حیثیت سے میرا کردار جج کا ہے کیونکہ سارے لڑکوں کے فیصلے کرتا ہوں، اس لیے اگر میرے اوپر سوال اٹھے گا بہتر ہے کہ میں ایک طرف ہوجاؤں اور پی سی بی اپنی انکوائری کرے۔

    ان کا کہنا تھا کہ تحقیقات کے بعد میں ہر چیز کے لیے دستیاب ہوں، اس حوالے سے پی سی بی کے ساتھ بیٹھنے کے لیے تیار ہوں لیکن اس وقت میں محسوس ہوا کہ مجھے استعفیٰ دے دینا چاہیے۔

    پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر بیان میں کہا کہ ’بورڈ نے ٹیم کے انتخاب کے عمل سے متعلق میڈیا میں رپورٹ ہونے والے مفادات کے ٹکراؤ کے حوالے سے الزامات کی تحقیقات کے لیے 5 رکنی تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دی ہے‘۔

    بیان میں کہا گیا کہ ’کمیٹی اپنی رپورٹ اور سفارشات پی سی بی کی انتظامیہ کو جلد پیش کرے گی‘۔الزامات کے حوالے سے سوال پر انضمام الحق نے کہا کہ اس سے تکلیف ہوتی ہے، لوگ بغیر تحقیق کے اس طرح کی باتیں کرتے ہیں، جس نے بھی بات کی ہے، اس کو ثبوت بھی دینا چاہیے اور اس طرح کی چیزیں نہیں ہونی چاہیے۔

    قومی ٹیم کے سابق کپتان نے کہا کہ میں نے پی سی بی سے بھی کہا تھا اس کی تحقیق کریں، کیونکہ سایا کمپنی یا جو بھی ہے، اس کی تحقیقات کریں اور صحیح صورت حال سامنے آجانی چاہیے اور لوگوں کے سامنے بھی آنی چاہیے۔

    انہوں نے کہا کہ میں انسان ہوں اور انسان اس طرح کی چیزوں پر دلبرداشتہ ہوتا ہے، کسی پر بھی ایسے الزامات لگیں تو اس کو تکلیف ہوتی ہے اور میرا 30 سال کا کیریئر ہے اور اس کے بعد 15 سال سے لوگ مجھے جانتے ہیں، میں اس طرح کا آدمی نہیں ہوں جس کو لوگ نہیں جانتے ہوں۔ان کا کہنا تھا کہ پھر اگر ایسے الزامات لگیں تو دکھ ہوتا ہے۔

    کاروان ختم نبوت انٹرنیشنل خواتین ونگ کے زیر اہتمام ایک عظیم الشان...

    ختم نبوت

     کاروان ختم نبوت انٹرنیشنل خواتین ونگ کے زیر اہتمام ایک عظیم الشان اصلاح معاشرہ اجلاس کا انعقاد سب ڈسٹرکٹ ترال پلوامہ کشمیر میں کیا گیا زیر صدارت سربراہ کاروان ختم نبوت انٹرنیشنل خواتین ونگ محترمہ حافظ ریحانہ قیوم قادری صاحبہ  جس میں حافظ شیمو جان حافظ اقرہ جان حافظ سبرینہ جان  حافظ زاہدہ اختر  محترمہ الفت جان ریشی فاطمہ  ناہید شفیع  سامیہ جان روقیہ جان اریم جان اینزہ جان ہمیرہ جان عبریہ اعجاز فاعلہ اشرف ندا حمید طیبہ جان اعتروبہ جان عظمہ جان  نیلوفر جان بسمہ جان  اور دیگر ممبران اور اسلامی بہنوں نے شرکت کی حسبِ  معمول اجلاس کاآغاز تلاوت قرآن پاک اور نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وسلم سے کیا گیا عظمت قرآن کریم کے حوالے سے اسلامی بہنوں نے مختصر اور مدلل انداز میں بیان کیا سربراہ کاروان ختم نبوت انٹرنیشنل خواتین ونگ محترمہ ریحانہ قیوم قادری صاحبہ نے اصلاح معاشرہ کے حوالے سے بھی بات کی اور کہا کہ اصلاح معاشرہ  تعلیمات قرآن کریم سےہی  سماج کے مختلف امراض دور ہوسکتے ہیں کہا اسلام کی تعلیم ہر مسلمان مرد اور عورت پر فرض ہے جس سے وہ اپنے آپ اور اپنے خاندان ارد گرد کے ماحول کو صاف رکھ سکے آخر پر  اجلاس میں جن اسلامی بہنوں نے کاروان ختم نبوت انٹرنیشنل خواتین ونگ میں پچھلے ایک سال میں انتہائی محنت کی ان کو ایوارڈ سے نوازا گیا اقر دیگر اسلامی بہنوں نے اج کاروان ختم نبوت انٹرنیشنل خواتین ونگ میں شمولیت اختیار کی ان کی حوصلہ افزائی سربراہ کاروان ختم نبوت انٹرنیشنل خواتین ونگ محترمہ ریحانہ قیوم قادری صاحبہ نے کی جس سے اجلاس کی رونق دوبالا ہوئی ان کے گھر والوں کو مبارک باد پیش کیا گیا  اجلاس میں مٹھائی تقسیم کی گئی  اختتام پذیر ہونے سے پہلے حافظ ریحانہ قیوم قادری صاحبہ نے تمام ممبران وکارکنان اسلامی بہنوں کا شکریہ ادا کیا جنہوں اپنا قیمتی وقت اس قیمتی اجلاس میں صرف کیا  ساتھ ہی ریحانہ قیوم قادری صاحبہ نے عالمی امن کے لیے دعائیں مانگی اور شہداء اسلام اور شہداء فلسطین کے درجات بلندی کے لیے دعائیں مانگی اسی کے ساتھ اجلاس اختتام پذیر ہوا

    Sunday, October 29, 2023

    اسرائیل جنگ میں فلسطینی شہریوں اور حماس کے جنگجوؤں میں فرق کرے ، امریکا



    نہتے فلسطینیوں کیخلاف طاقت کا وحشیانہ استعمال کرنے پر امریکی قومی سلامتی کے مشیر نے اسرائیل کو آئینہ دکھا دیا۔امریکی نیوز چینل سے گفتگو کرتے ہوئے امریکا کے قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیوان نے کہا ہے کہ اسرائیل جنگ میں فلسطینی شہریوں اور حماس کے جنگجوؤں میں فرق کرے۔

    جیک سلیوان نے مزید کہا ہے کہ غزہ پر حملوں میں فلسطینیوں اور حماس کے درمیان پہچان ضروری ہے، زمینی اور فضائی حملوں میں شہریوں کی حفاظت یقینی بنائی جائے۔

    واضح رہے غزہ میں صیہونی فورسز کی جانب سے نہتے شہریوں پرشدید بمباری جاری ہے، زمینی، فضائی اور بحریہ کے حملوں میں مزید 300 سے زائد فلسطینی شہید ہو گئے۔

    فلسطینی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فورسز کے حملوں میں اب تک شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 8 ہزار ہو گئی جن میں 3600 بچے اور 1900 سے زائد خواتین شامل ہیں۔

    عائزہ خان سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے تنقید کی زد میں



    پاکستان کی معروف اداکارہ عائزہ خان کو فلسطین میں جاری اسرائیلی مظالم پر خاموشی اختیار رکھنے کی وجہ سے سوشل میڈیا صارفین نے تنقید کا نشانہ بنانا شروع کردیا۔تفصیلات کےمطابق اسرائیل کی فلسطین پر دہشتگردی کے خلاف دُنیا بھر کے فنکار اپنی آواز بلند کررہے ہیں اور فوری طور پر غزہ میں جنگ بند کا مطالبہ بھی کررہے ہیں لیکن اب تک معروف اداکارہ عائزہ خان کی جانب سے مظلوم فلسطینیوں کے حق میں کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے اور نہ ہی اُنہوں نے اسرائیل کی سفاکیت پر کوئی ردعمل دیا ہے۔

    عائزہ خان مسلسل سوشل میڈیا سائٹ انسٹاگرام پر متحرک ہیں جہاں وہ روزانہ کی بنیاد پر اپنے نت نئے فوٹو شوٹس پوسٹ کررہی ہیں لیکن اداکارہ نے فلسطین کی حمایت پر ایک پوسٹ بھی جاری نہیں کی۔

    اداکارہ کے انسٹاگرام پر 13 ملین سے زائد فالوورز ہیں، اس قدر مقبولیت کے باوجود اسرائیلی حملوں پر عائزہ خان کی خاموشی دیکھ کر سوشل میڈیا صارفین شدید غصے میں آگئے ہیں۔

    عائزہ خان کی پوسٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے ایک صارف نے پوچھا کہ آپ فلسطین کے بارے میں پوسٹ کیوں نہیں کررہی ہیں؟ ہمیں ابھی آپ کے فوٹو شوٹس کی پرواہ نہیں ہے، کچھ تو شرم کرو۔لائبہ نامی صارف نے کہا کہ “کیا آپ اپنے ہوش و حواس میں ہیں؟ ہزاروں لوگ مر رہے ہیں، کیا آپ ان کے لیے یہ پلیٹ فارم استعمال نہیں کر سکتی ہیں؟ 

    ورلڈ کپ کرکٹ، آج سری لنکا اور افغانستان کا مقابلہ ہوگا


     

    بھارت میں ہونے والے ورلڈ کپ 2023ء میں سری لنکا اور افغانستان کی ٹیمیں آج آمنے سامنے آئیں گی۔ایک روزہ کرکٹ کے عالمی ایونٹ کے 30 ویں میچ میں سری لنکا اور افغانستان کی ٹیمیں پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر ڈیڑھ بجے مہاراشٹرا کرکٹ ایسوسی ایشن کرکٹ سٹیڈیم میں اتریں گی۔

    سری لنکا کی ٹیم میگا ایونٹ میں 5 میچز کھیل کر 2 میں کامیاب اور 3 میں ناکام ہو چکی ہے، دوسری جانب افغانستان نے بھی 5 میچز کھیلے ہیں اور 2 میں جیت حاصل کی اور 3 میں شکست کھائی۔

    وزیراعلیٰ پنجاب کا چلڈرن اور گنگا رام ہسپتالوں کا دورہ، ناقص انتظامات پر برہمی کا اظہار



    نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے چلڈرن ہسپتال اور گنگارام ہسپتال کا دورہ کیا جہاں انہوں نے بیڈز، فرنیچر اور دیگر اشیا باہر رکھی دیکھ کر برہمی کا اظہار کیا۔دورے کت دوران نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے دونوں ہسپتالوں میں اپ گریڈیشن کے کاموں کا جائزہ لیا، محسن نقوی نے تعمیراتی کام کے دوران بیڈز، آلات، فرنیچر اور دیگر اشیا باہر پڑی دیکھ کر انتظامیہ کی سرزنش کی۔

    انہوں نے کہا کہ تعمیراتی کام کے دوران اشیا کی حفاظت کیلئے کوئی انتظام نہ کرنا غفلت ہے، کئی روز سے کام جاری ہونے کے باوجود اتاری گئی اشیا کو محفوظ نہ کرنے کا کوئی جواز نہیں، اتاری گئی اشیا کا ریکارڈ مرتب کیا جائے اور مناسب جگہ پر محفوظ رکھی جائیں۔

    نگران وزیر اعلیٰ نے چلڈرن ہسپتال کے ایمرجنسی بلاک اور او پی ڈی بلاک کی اپ گریڈیشن کے تعمیراتی کاموں کا معائنہ بھی کیا، جاری کاموں کا جائزہ لینے کیلئے وہ ہر فلور پر گئے، ماڈل روم کا معائنہ کیا اور ڈینٹل بلاک کے ڈیزائن پر نظر ثانی کی ہدایت کی۔

    محسن نقوی نے ایمرجنسی بلاک میں بیڈز کی تعداد میں اضافے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اپ گریڈیشن کے کام کو جلد از جلد مکمل کیا جائے۔اس موقع پر نگران وزیراعلیٰ کو اپ گریڈیشن کے کام پرہونیوالی پیش رفت کے بارے میں بریف کیا گیا۔

    چلڈرن ہسپتال کے بعد نگران وزیراعلیٰ گنگا رام ہسپتال پہنچے جہاں انہوں نے ان ڈور بلاک میں اپ گریڈیشن کے کام کا معائنہ کیا، وزیراعلیٰ نے مزدوروں سے مصافحہ کیا اور انہیں محنت سے کام کرنے کی تلقین کی، انہوں نے سیکرٹری تعمیرات و مواصلات کو اپ گریڈیشن کے کام جلد مکمل کرنے کیلئے ہدایات دیں۔محسن نقوی کا کہنا تھا کہ تین شفٹ میں کام کرکے منصوبے کو جلد مکمل کیا جائے، معیاری گیس اور الیکٹریکل وائرنگ کو یقینی بنایا جائے۔

    نگران وفاقی کابینہ کا اجلاس آج ہو گا



    وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت نگران وفاقی کابینہ کا اجلاس آج ہو گا جس میں 14 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا جائے گا۔نگران وفاقی کابینہ کا اجلاس وزیر اعظم ہاؤس میں ہوگا، جس میں حج پالیسی 2024ء اور حج و عمرہ ریگولیشن بل 2023ء کابینہ میں منظوری کیلئے پیش ہوں گے، فلائی جناح کو بین الاقوامی روٹس فراہم کرنے سے متعلق امور کا جائزہ لیا جائے گا جبکہ غیر ملکی غیر قانونی باشندوں کی وطن واپسی کے احکامات کی منظوری بھی ایجنڈے میں شامل ہے۔

    نگران وفاقی کابینہ کے اجلاس میں انکوائری کمیشن برائے لاپتہ افراد کی مدت میں توسیع پر بھی بات ہو گی، کابینہ سے ایف آئی اے اور انسداد انسانی سمگلنگ کے پولیس سٹیشنز کے قیام اور انہیں رولز میں شامل کرنے کی منظوری بھی لی جائے گی۔

    کابینہ اجلاس میں پاکستان اور تاجکستان کے درمیان تجارت، برآمدات و درآمدات میں اضافہ سے متعلق معاہدے کی منظوری بھی لی جائے گی، ایل این جی اور ایل پی جی خریداری اور کارگو سے متعلق پیپرا رولز میں نرمی کی منظوری بھی ایجنڈے کا حصہ ہے۔علاوہ ازیں کابینہ کمیٹی برائے قانون سازی کے 6، 26 اور 27 اکتوبر کے فیصلوں کی توثیق بھی ایجنڈے میں شامل ہے جبکہ وفاقی کابینہ ملک کی مجموعی معاشی، سیاسی صورتحال اور امن و امان کا جائزہ بھی لے گی۔

    مولانا طارق جمیل کے بیٹے کی وفات پر وزیراعظم، وزیر اطلاعات کا اظہار تعزیت



    وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ کا معروف عالم دین مولانا طارق جمیل کے بیٹے عاصم جمیل کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار۔وزیراعظم کی مرحوم کے درجات کی بلندی اور سوگواران کے لیے صبر جمیل کی دعا۔

    وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی کا معروف عالم دین مولانا طارق جمیل کے بیٹے عاصم جمیل کے جاں بحق ہونے پر اظہار افسوس۔وزیراطلاعات کامولانا طارق جمیل اور اہل خانہ سے اظہار تعزیت۔انہوں نے کہا کہ جواں سال بیٹے کا جاں بحق ہونا ایک باپ کے لئے ناقابل برداشت صدمہ ہے۔مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ ہم اہل خانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔وزیراطلاعات کی مرحوم کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا۔

    اسرائیلی حملوں میں شہدا کی تعداد 8 ہزار، زخمیوں کی 20 ہزار تک جا پہنچی



    غزہ پر اسرائیلی جارحیت کا 24 واں روز ہے، وحشیانہ بمباری سے مزید سیکڑوں فلسطینی شہید ہوگئے، وسطی غزہ میں اسرائیلی بمباری سے دیرالبلا کی مسجد بلال بن رباح شہید ہوگئی۔مسجد کے ساتھ بے گھروں کی پناہ گاہ بنے مکانات بھی کھنڈر بن گئے، اسرائیل نے غزہ کے سب سے بڑے الشفا اسپتال کے قریب بم برسا دیے، القدس اسپتال کی جانب آنے والے راستوں کو تباہ کردیا۔

    ڈاکٹرز ود آوٹ بارڈرز کے مطابق اسپتال زخمیوں سے اور مردہ خانے لاشوں سے بھرے پڑے ہیں، شمالی غزہ کا علاقہ ملیا میٹ ہوچکا یے۔غزہ میں اسرائیلی فوج کی وحشیانہ بمباری سے ایک روز پہلے دنیا میں آنے والا بچہ بھی شہید ہوگیا۔

    7  اکتوبر سے اسرائیلی حملوں میں شہدا کی تعداد 8 ہزار، زخمیوں کی 20 ہزار تک جا پہنچی، 3 ہزار 300 سے زیادہ بچے بھی شہداء میں شامل ہیں۔دوسری جانب غزہ میں جمعے سے بند انٹرنیٹ اور ٹیلی فون سروس جزوی بحال کرنے کا دعویٰ سامنے آیا ہے۔

    ٹرینیں آپس میں ٹکرا گئیں، 10 افراد ہلاک



    بھارتی ریاست آندھرا پردیش میں مسافر ٹرینیں آپس میں ٹکرا گئیں جس کے نتیجے میں 10 افراد ہلاک ہوگئے۔نئی دلی سے بھارتی حکام کے مطابق اس حادثے میں 25 افراد زخمی بھی ہوگئے۔ 

    بھارتی حکام کا کہنا ہے کہ وشاکاپٹنم پلاسا پیسنجر ٹرین اور وشاکا پٹنم راگادا پیسنجر ایک دوسرے سے ٹکرا گئیں جس کے نتیجے میں ٹرینوں کی کئی بوگیاں پٹری سے اترگئیں۔حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کے مقام پر امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

    دریں اثنا آندھرا پردیشں کے وزیراعلیٰ وائی ایس جگنموہن ریڈی نے ریاستی صدر مقام امرا وتی سے فوری امدادی کاررائیوں کے احکامات جاری کیے ہیں۔خیال رہے کہ حالیہ تین ماہ کے دوران بھارت میں یہ پانچواں ٹرین حادثہ ہے۔ 

     

    9مئی واقعات، راولپنڈی سے مزید 35 افراد زیر حراست 



    9 مئی کے واقعات میں ملوث شرپسندوں کے خلاف کارروائی تیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔  راولپنڈی سے ذرائع کے مطابق پولیس کی خصوصی تفتیشی ٹیم نے مزید 124 ملزمان کی فہرست تیار کرلی۔ ذرائع کے مطابق خصوصی تفتیشی ٹیم نے فہرستیں متعلقہ تھانوں کے حوالے کردیں۔ گزشتہ 2 روز میں 9 مئی واقعات میں ملوث مزید 35 افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی سے تفتیش کےلیے پراسیکیوشن اور تفتیشی ٹیم نے جزئیات طے کرلیں۔ چیئرمین پی ٹی آئی سے تفتیش 9 مئی واقعات کی تحقیقات کی نگرانی آر پی او راولپنڈی کر رہے ہیں۔

    ذرائع کے مطابق راولپنڈی میں 9 مئی کے واقعات پر مختلف تھانوں میں 19 مقدمات درج ہیں۔ 9 مئی کے واقعات مجموعی طور پر 444 ملزمان کو گرفتار کرکے اڈیالہ جیل منتقل کیا گیا۔ذرائع کے مطابق 9 مئی کو جی ایچ کیو حملے میں اب تک 75 ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے۔

     

    سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں 2 دہشت گرد ہلاک ، 2 جوان شہید



    بلوچستان کے علاقے آواران میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں 2 دہشت گرد ہلاک جبکہ 2 جوان نائب صوبیدار آصف عرفان اور سپاہی عرفان علی شہید ہوگئے۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق شدید فائرنگ کے نتیجے میں 2 دہشت گرد زخمی بھی ہوئے ہیں۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں موجود دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا مزید کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پُرعزم ہیں، ہمارے بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

     

    ورلڈ کپ کرکٹ، بھارت نے انگلینڈ کو 100 رنز سے مات دیدی



    آئی سی سی ورلڈکپ کے 29 ویں میچ میں بھارت نے انگلینڈ کو  100 رن سے شکست دے دی۔لکھنؤ کے بریسبیو کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ کے کپتان جوز بٹلر نے ٹاس جیت کر پہلے بھارت کو بیٹنگ کی دعوت دی۔بھارت نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 229 رن بنائے، کپتان روہت شرما 87 رن بنا کر نمایاں رہے۔ 230 رن کے تعاقب میں انگلینڈکی ٹیم 34.5اوور میں129رن بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

     

    بھارت کی جانب سے روہت شرما اور شبمن گل نے اننگز کا آغاز کیا لیکن 26 کے مجموعے پر شبمن گل 9 رن بنا کر بولڈ ہوگئے جبکہ ویرات کوہلی بھی 9 گیندوں پر بغیر کوئی رن بنائے کیچ آؤٹ ہو گئے۔بھارت کے تیسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی شیریاس آئیر تھے جو 4 رن بنا کر کرس ووکس کی گیند پر مارک ووڈ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے جبکہ بلیو شرٹس کو چوتھا نقصان 131 پر ہوا جب کے ایل راہول 39 رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔اس کے علاوہ بھارتی کپتان روہت شرما 87 رن بنا کر پویلین لوٹے جبکہ سوریا کمار یادیو 49 اور  جسپریت بمراہ 16 رن بناکر آؤٹ ہوئے۔جڈیجا نے 8 اور محمد شامی نے ایک رن بنایا، کلدیپ یادیو 9 رن بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔بھارت نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 229 رن بنائے۔ انگلینڈ کی جانب سے ڈیوڈ ولی نے 3، کرس ووکس اور عادل رشید نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔230 رن کے ہدف کے تعاقب میں انگلش بیٹنگ لائن پتوں کی طرح بکھر گئی اور  پوری ٹیم 34.5 اوور میں 129 رن بنا کر  آؤٹ ہوگئی۔لیام لیونگسٹن 27 ، ڈیوڈ ملان 16 اور معین علی 15 رن بنا کر نمایاں رہے۔ان کے علاوہ جونی بیئرسٹو 14، جوز بٹلر اور کرس ووکس 10،10 رن بناسکے، جو روٹ اور بین اسٹوکس صفر پر آؤٹ ہوئے۔

    بھارت کی جانب سے محمد شامی نے 7 اوور میں 22 رن دے کر 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا،جسپریت بمراہ نے 32 رن دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔خیال رہے کہ بھارت ورلڈکپ کے پوائنٹس ٹیبل پر 6 میچوں میں 12 پوائنٹ کے ساتھ سر فہرست ہے جب کہ انگلینڈ کی ٹیم 6 میچوں میں 5 شکستوں کے بعد سب سے آخری نمبر پر ہے۔

     

    مولانا طارق جمیل کا بیٹا سینے پرگولی لگنے سے جاں بحق



     معروف عالم دین مولانا طارق جمیل کا بیٹا عاصم جمیل گولی لگنے سے جاں بحق ہوگیا۔آر  پی او ملتان سہیل چوہدری کے مطابق مولانا طارق جمیل کے بیٹے  عاصم جمیل کے سینے پر گولی لگی ہے۔آر پی او ملتان سہیل چوہدری کا کہنا ہے کہ پولیس موقع پر پہنچ گئی ہے اور اس حوالے سے مزید تفصیلات جمع کی جارہی ہیں۔مولانا طارق جمیل کے ایکس اکاؤنٹ پر بھی واقعے کی تصدیق کردی گئی ہے۔

    ایکس پر کی گئی پوسٹ میں مولانا طارق جمیل کا کہنا تھا کہ آج تلمبہ میں میرے بیٹے عاصم جمیل کا انتقال ہوگیا ہے، اس حادثاتی موت نے ماحول کو سوگوار  بنا دیا۔ مولانا طارق جمیل کا کہنا تھا کہ  آپ سب سے گزارش ہےکہ اس غم کے موقع پر ہمیں اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں، اللہ میرے فرزند کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔

    بابر اعظم کا شمار  پاکستان کے عظیم کھلاڑیوں میں نہیں کیا جا سکتا، ، محمد حفیظ



     پاکستان کے سابق کپتان محمد حفیظ کا کہنا ہے کہ بابر اعظم اس وقت پاکستان کے تمام کھلاڑیوں کے مقابلےا چھے کھلاڑی ہیں لیکن ابھی ان کا شمار  پاکستان کے عظیم کھلاڑیوں میں نہیں کیا جا سکتا۔

    قومی چینل پر نشر  پروگرام کے دوران بابر کی کپتانی پر بات کرتے ہوئے  محمد حفیظ کا کہنا تھا کہ بابر اعظم کی کپتانی میں پچھلے 3 سالوں کے دوران وہ میچورٹی اور گروتھ نظر نہیں آئی جو آجانی چاہیے تھی، اب یہ فیصلہ بابر اور کرکٹ بورڈ کے آفیشلز نے کرنا ہے کیا بابر کی کپتانی کا پریشر دور کرکے ان کے ٹیلنٹ کو اجاگر کرنا ہے یا پھر بابر اسی پریشر کے اندر رہتے ہوئے اپنا ٹیلنٹ اجاگر کر سکتے ہیں۔

    محمد حفیظ کا کہنا تھا کہ بطور کرکٹر بابر برے کھلاڑی نہیں ہیں لیکن بدقسمتی سے جو امیدیں بابر سے وابستہ کی جاتی ہیں یا پھر ان کا موازنہ جو دیگر کھلاڑیوں سے کیا جاتا ہے وہ درست نہیں ہے، بابر اس وقت کے تمام پاکستانی کھلاڑیوں میں سب سے اچھے کھلاڑی ہیں لیکن ان کا موازنہ جب عظیم کھلاڑیوں سے کیا جاتا ہے تو وہ بابر کے ٹیلنٹ کے ساتھ زیادتی ہو جاتی ہے، جو بابر کو پاکستان کے عظیم کھلاڑیوں سے ملاتے ہیں میں ان کے خلاف ہوں کیونکہ جو لوگ بابر کو عظیم کھلاڑیوں سے ملاتے ہیں شاید انھوں نے ابھی تک پاکستان کے یا دنیا کے عظیم کھلاڑی دیکھے ہی نہیں ہیں۔

    ڈالر اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا ریلیف عوام کو نہ مل سکا



    رواں برس 5 ستمبر کے بعد سے ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں 9 فیصد کا اضافہ، عالمی سطح پر قیمتوں میں کمی آئی لیکن نقل و حمل کے اخراجات میں بھی کمی کے باوجود اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں صارفین کو تقریباً 2 ماہ کے دوران کوئی بڑا ریلیف نہیں مل سکا۔ رپورٹ کے مطابق ایک ڈالر 5 ستمبر کو 307 روپے 10 پیسے پر ٹریڈ کر رہا تھا جوکہ اب 280 روپے پر آچکا ہے، اس سے درآمد شدہ خام مال اور تیار سامان کی قیمتوں میں کمی آئی ہے۔

    ڈیزل کی قیمتوں میں بھی کمی کا رجحان دیکھا گیا، یکم ستمبر کو اس کی قیمت 311 روپے فی لیٹر تھی جو 16 ستمبر کو بڑھ کر 329 روپے ہوگئی، پھر یکم اکتوبر کو یہ گر کر 318 روپے پر آگئی اور فی الحال اس کی قیمت 303 روپے فی لیٹر ہے، اس سے ٹرانسپورٹرز کے لیے سامان کی نقل و حمل کے اخراجات میں کمی آئی یا کم از کم یہ اخراجات ان کے لیے قابل انتظام ہوگئے۔خوردہ فروش روپے کی قدر میں کمی اور سامان کی نقل و حمل کے بلند اخراجات کے اثرات صارفین پر فوری طور پر منتقل کرتے ہوئے کوئی رحم نہیں دکھتے لیکن جب نرخوں کو کم کرنے کا موقع آئے تو بہت سست روی کا مظاہرہ کرتے ہیں۔شوگر مافیا، ذخیرہ اندوزوں اور اسمگلروں کے خلاف مؤثر کریک ڈاؤن کی بدولت چینی کے نرخوں میں صارفین کو فوری ریلیف ملا ہے، جس سے تھوک اور پرچون کی دکانوں پر بھی قیمتوں میں کمی آئی ہے، چینی کی ہول سیل قیمت ستمبر کے پہلے ہفتے کے دوران 174 روپے تھی جوکہ اب کم ہو کر 123 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے ۔

    ایس پی آئی کے اعداد و شمار مختلف دالوں کے خوردہ نرخوں (ریٹیل پرائس) میں ملا جلا رجحان ظاہر ہوتا ہے، مسور، مونگ، ماش اور چنے کی دال کی خوردہ قیمت 300 سے 360 روپے، 280 سے 320 روپے، 520 سے 580 روپے اور 220 سے 260 روپے فی کلو رہی جبکہ ستمبر کے پہلے ہفتے کے دوران یہ 320 سے 360 روپے، 280 سے 320 روپے، 540 سے 580 روپے اور 240 سے 280 روپے فی کلو گرام رہی۔

    مسور، مونگ، ماش اور چنے کی دال کے ہول سیل نرخ بالترتیب 330 روپے، 265 روپے، 520 روپے اور 226 روپے فی کلو سے کم ہو کر 260 روپے، 240 روپے، 470 روپے اور 200 روپے فی کلو ہو گئے۔دالوں کی درآمد مالی سال 2024 کے ابتدائی 3 ماہ میں بڑھ کر 3 لاکھ 86 ہزار 837 ٹن ہوگئی جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 3 لاکھ 16 ہزار 537)ٹن تھی، فی ٹن کی اوسط قیمت 777 ڈالر سے گھٹ کر 628 ڈالر ہوگئی۔

    گھی/کوکنگ آئل مینوفیکچررز نے پچھلے 2 مہینوں کے دوران قیمت میں 80 سے 100 روپے فی لیٹر کمی کا دعویٰ کیا ہے لیکن ایس پی آئی کے اعداد و شمار گھی اور کوکنگ آئل کی قیمتوں میں معمولی کمی کو ظاہر کرتے ہیں۔ہول سیلرز چاول کی مختلف اقسام کی قیمتوں میں 15 سے 80 روپے فی کلو کمی کا دعویٰ کررہے ہیں، دوسری جانب کمشنر کراچی کے سخت ایکشن نے دکانداروں کو تازہ دودھ 220 یا 230 روپے کے بجائے 200 روپے فی لیٹر پر فروخت کرنے کا پابند کردیا ہے، شہر بھر میں ان کی دکانوں پر سرکاری نرخ نمایاں کیے جانے سے ظاہر ہوتا ہے کہ دودھ فروشوں کو بھاری جرمانے اور گرفتاری کا ڈر ہے۔

    ایس پی آئی کے اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ درآمد شدہ گندم کی آمد کے پیش نظر 20 کلو آٹے کی قیمت 3 ہزار سے 3200 روپے سے کم ہوکر 2700 سے 3 ہزار روپے تک آگئی ہے، نجی شعبے نے ستمبر میں ایک لاکھ 62 ہزار 301 ٹن اناج درآمد کیا تھا، امید ہے کہ اکتوبر میں مزید 5 لاکھ ٹن پہنچ جائے گا۔مارکیٹ پر نظر رکھنے والوں کا خیال ہے کہ مختلف مصنوعات پر ہول سیلرز کا 5 فیصد اور خوردہ فروشوں کا 10 فیصد کمیشن ہونا چاہے لیکن جن اشیا پر قیمتیں درج نہیں ہوتیں اس کا خوردہ فروش فائدہ اٹھاتے ہیں اور 30 سے 40 فیصد تک منافع کمالیتے ہیں۔

    قیمتوں میں اضافے کے رجحان کے دوران خوردہ فروش کھلی اشیا کی فروخت میں اضافی منافع کماتے ہیں، یہ چیز کریک ڈاؤن سے پہلے خاص طور پر چینی، گندم اور آٹے کی فروخت میں دیکھی گئی۔کراچی ہول سیلرز گروسرس ایسوسی ایشن کے چیئرمین رؤف ابراہیم نے کہا کہ کریک ڈاؤن کا دائرہ چینی اور گندم سمیت دیگر اجناس مثلاً چاول اور دالوں وغیرہ تک بڑھایا جانا چاہیے تاکہ ان کی قیمتوں میں کمی آسکے۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کو چاہیے کہ وہ فلور ملوں کو گندم کا کوٹہ ختم کر دے اور غریب لوگوں کی مدد کے لیے ضبط شدہ چینی 90 روپے فی کلو فروخت کرے۔

     

    عمر گل نے شاداب خان کی انجری کو مشکوک قرار دیدیا



    پاکستان کے سابق فاسٹ بولر عمر گل نے آئی سی سی ورلڈ کپ میں جنوبی افریقا کے خلاف چنئی میں کھیلے گئے میچ کے دوران شاداب خان کی انجری کے حوالے سے اپنے شکوک و شبہات کا اظہار کیا ہے۔جمعہ کو کھیلے گئے ورلڈکپ کے سنسنی خیز میچ میں جنوبی افریقا نے پاکستان کو محض ایک وکٹ سے شکست دی، کھیل کی دوسری اننگز میں ایک واقعہ اس وقت پیش آیا جب پاکستان کے آل راؤنڈر شاداب خان کو گراؤنڈ میں فیلڈنگ کرتے ہوئے سر میں چوٹ لگ گئی۔ 

    شاداب کو طبی معائنے کے لیے مختصر طور پر میدان سے باہر لے جایا گیا لیکن بعد میں دوبارہ میدان میں آئے۔بعدازاں وہ میدان سے دوبارہ چلے گئے اور ان کی جگہ اسپنر اسامہ میر کو ٹیم میں متبادل کے طور پر شامل کرلیا گیا، ایک مقامی چینل پر بات کرتے ہوئے عمر گل نے کہا کہ شاداب خان نے خود کو بچایا اور بہانہ بنایا۔

    عمر گل نے کہا 'ہمیں نہیں معلوم کہ شاداب کو کس قسم کی انجری ہوئی ہے لیکن لازمی سوال اٹھتے ہیں جب آپ گرتے ہیں، کنکشن کا بہانے بناتے ہیں اور ٹیم سے بھاگ جاتے ہیں، پھر فزیوتھراپسٹ چیک اپ کرتے ہیں اور تھوڑی دیر بعد آپ باہر آجاتے ہیں، وہاں آپ لوگوں سے بات کرتے ہیں اور پھر دوبارہ اندر چلے جاتے ہیں'۔

    سابق فاسٹ بولر نے کہا 'جب آپ کو لگتا ہے کہ میچ پاکستان کے حق میں جارہا ہے تو آپ ڈگ آؤٹ میں باہر آکر بیٹھ جاتے ہیں اور ہنس رہے ہوتے ہیں اس کا مطلب ہے  کہ آپ نے بہانہ بنایا اور میچ سے جان چھڑائی ہے، پھر تو لوگ سوال اٹھائیں گے’۔

    عمر گل نے مزید کہا کہ ’یہ ایک اہم میچ تھا اور  بطور سینئر کھلاڑی آپ کو میدان پر ہونا تھا، ایسی بہت سی مثالیں ہیں جب کھلاڑی ٹوٹے ہوئے ہاتھوں کے ساتھ اپنی ٹیم کے لیے لڑے اور میچ میں اپنی ذمہ داریاں نبھائیں، میں شاداب سے متفق نہیں ہوں، مجھے نہیں لگتا کہ انہیں سیریس انجری ہوئی ہے‘۔

    انجلینا جولی نے بھی غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کر دیا



    عالمی شہرت یافتہ ہالی ووڈ اداکارہ اور  انسانی حقوق کی سرگرم کارکن انجلینا جولی نے بھی غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کر دیا۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق  انجلینا جولی کا کہنا ہے کہ  اسرائیل میں جو کچھ ہوا وہ غزہ کی شہری آبادی پر بمباری کا جواز نہیں ہو سکتا، چند ٹرک غزہ کی امدادی ضروریات پوری نہیں کرسکتے۔انجلینا جولی نے  اسرائیل کی جانب سے غزہ میں ایندھن اور پانی کی فراہمی روکنے کو اجتماعی سزا قرار دیتے ہوئے کہا کہ غزہ کے لوگوں کے پاس جانے کے لیے نہ کوئی اور جگہ، نہ خوراک تک رسائی، نہ انخلا کا کوئی امکان اور نہ ہی سرحد پار کرکے پناہ لینے کا بنیادی انسانی حق موجود ہے۔ہالی وڈ اداکارہ نے مزید کہا کہ غزہ کی کل آبادی 20 لاکھ ہے جن میں آدھے بچے ہیں، جو دو دہائیوں سے محاصرے میں زندگی گزار رہے ہیں۔

     
    Saturday, October 28, 2023

    تھائی لینڈ ویمنز ایمرجنگ کرکٹ ٹیم پاکستان کے دورے پر لاہور پہنچ گئی



    تھائی لینڈ ویمنز ایمرجنگ کرکٹ ٹیم پاکستان کے دورے پر لاہور پہنچ گئی۔دورے میں تھائی لینڈ ویمنز ایمرجنگ ٹیم ایک سہ فریقی سیریز اور پاکستان ویمنز اے بمقابلہ تھا ئی لینڈ ویمنز ایمرجنگ ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلے گی۔سہ فریقی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں تیسری ٹیم ویسٹ انڈیز ویمنز اے کی ہوگی۔

    تھائی لینڈ ویمنز ایمرجنگ ٹیم کل سے نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں ٹریننگ شروع کرے گی۔پاکستان کرکٹ بورڈ ٹریننگ اور پریکٹس کی تصاویر اور وڈیو فراہم کرے گا۔

    سہ فریقی ٹی ٹوئنٹی سیریز:

    3 نومبر پہلا ٹی ٹوئنٹی: پاکستان ویمنز اے بمقابلہ ویسٹ انڈیز ویمنز اے، قذافی اسٹیڈیم لاہور

    4 نومبر دوسرا ٹی ٹوئنٹی: ویسٹ انڈیز ویمنز اے بمقابلہ تھائی لینڈ ویمنز ایمرجنگ، قذافی اسٹیڈیم لاہور

    5 نومبر تیسرا ٹی ٹوئنٹی: پاکستان ویمنز اے بمقابلہ تھائی لینڈ ویمنز ایمرجنگ، قذافی اسٹیڈیم لاہور

    8 نومبر چوتھا ٹی ٹوئنٹی – فائنل: قذافی اسٹیڈیم لاہور

    9 نومبر: ویسٹ انڈیز ویمنز اے کی واپسی۔

    پاکستان ویمنز اے بمقابلہ تھا ئی لینڈ ویمنز ایمرجنگ ٹی ٹوئنٹی سیریز

    10 نومبر پہلا ٹی ٹوئنٹی: پاکستان ویمنز اے بمقابلہ تھائی لینڈ ویمنز ایمرجنگ، قذافی اسٹیڈیم لاہور

    11نومبر دوسرا ٹی ٹوئنٹی: پاکستان ویمنز اے بمقابلہ تھائی لینڈ ویمنز ایمرجنگ، قذافی اسٹیڈیم لاہور

    اسرائیلی بمباری میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 7 ہزار 7 سو سے زیادہ ہوگئی



    اسرائیل کی جانب سے اقوام متحدہ کی قرارداد کو ہوا میں اڑاتے ہوئے غزہ پر بری، بحری اور فضائی حملے جاری ہیں، اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کا کہنا ہے کہ ہم سب کچھ کریں گے۔اسرائیلی وزیر اعظم نے ایک بار پھر غزہ کے شہریوں کو اپنے گھر خالی کرنے کی دھمکی دیتے ہوئے اپنے خطاب میں کہا کہ غزہ میں جاری زمینی کارروائیاں جنگ کا دوسرا مرحلہ ہے، غزہ کے شہری اپنے گھر خالی کرکے چلے جائیں۔

    اپنے خطاب میں اسرائیلی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ یرغمالیوں کو رہا کرانے کیلئے ہم سب کچھ کریں گے، غزہ پٹی پر اسرائیلی حملے جاری ہیں، طیاروں، بحری جنگی جہازوں سے بمباری اور ٹینکوں سے گولا باری کی جارہی ہے۔ غزہ پٹی کے اندر جنگ مشکل اور طویل ہوگی۔ادھر غزہ میں انٹرنیٹ، موبائل فون سروس اور لینڈ لائنز بند ہونے سے غزہ میں شدید اسرائیلی بمباری کے نقصانات کی تفصیل سامنے نہ آسکی، ایک رات میں ہزاروں فلسطینیوں کے شہید ہونے کا خدشہ ہے۔

    دوسری جانب شدید اسرائیلی بمباری کی وجہ سے زخمیوں کو تباہ شدہ عمارتوں کے ملبے سے نکالا نہ جا سکا، اسرائیل کی جانب سے غزہ کا مواصلاتی نظام تباہ کیے جانے کے بعد سماجی رابطے کی ویب سائٹ کے سربراہ ایلون مسک نے غزہ پٹی میں امدادی سرگرمیوں میں مصروف اداروں کو بذریعہ سیٹلائٹ، انٹرنیٹ فراہم کرنے کا فیصلہ کرلیا۔22 روز سے جاری اسرائیلی بمباری میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 7 ہزار 7 سو سے زیادہ ہوگئی، شہدا میں 3 ہزار 6 سو بچے بھی شامل ہیں۔

    بنگلہ دیش میں اپوزیشن کا وزیراعظم کے استعفیٰ کیلئے شدید احتجاج، پولیس سے جھڑپیں



    بنگلہ دیشی پولیس نے وزیر اعظم حسینہ واجد کے خلاف احتجاج کرنے والے اپوزیشن جماعت کے حامیوں کا مظاہرہ روکنے اور منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس اور ربڑ کی گولیاں چلائیں جہاں ڈھاکا میں کئی گھنٹوں کی پرتشدد جھڑپوں میں ایک پولیس اہلکار ہلاک اور متعدد افراد زخمی ہو گئے۔غیرملکی خبر ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق بنگلہ دیش کی دو بڑی اپوزیشن جماعتوں کے ایک لاکھ سے زائد حامیوں نے احتجاج کرتے ہوئے وزیر اعظم شیخ حسینہ سے مستعفی ہونے اور غیر جانب دار حکومت کے تحت آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کے انعقاد کا مطالبہ کیا۔حزب اختلاف کی مرکزی جماعت بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی کے تصدیق شدہ فیس بک پیج پر لائیو فوٹیج میں ہزاروں افراد کو پولیس کی جانب سے فائر کیے گئے لاتعداد آنسو گیس کے شیلز سے بچنے کے لیے کسی محفوظ جگہ کی تلاش میں بھاگتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔اے ایف پی کے نامہ نگاروں نے بتایا کہ پرتشدد واقعات دارالحکومت ڈھاکا کی سڑکوں اور گلیوں تک پھیل گئے جہاں پولیس نے آنسو گیس کے شیل اور ربڑ کی گولیاں فائر کیں جبکہ مظاہرین نے پولیس پر پتھراؤ کیا۔

    ڈھاکا میٹروپولیٹن پولیس کے ترجمان فاروق حسین نے اے ایف پی کو بتایا کہ احتجاج کے دوران ایک پولیس اہلکار ہلاک اور 100 سے زائد زخمی ہوئے، اپوزیشن جماعت کے کارکنوں نے کانسٹیبل کے سر میں وار کیا۔سائٹ پر موجود اے ایف پی کے صحافیوں نے بتایا کہ بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی اور جماعت اسلامی کا یہ مظاہرہ اس سال کا اب تک کا سب سے بڑا مظاہرہ ہے اور اس سے تین ماہ بعد ہونے والے انتخابات سے قبل ایک تبدیل ہوتی صورت حال کی نشاندہ ہوتی ہے۔وزیر اعظم حسینہ واجد ملک کے بانی رہنما شیخ مجیب الرحمٰن کی بیٹی ہیں جو 15 سال سے برسر اقتدار ہیں اور ان کے اقتدار میں آنے کے بعد سے ملک نے اقتصادی سطح پر واضح ترقی کی ہے فی کس جی ڈی پی میں پڑوسی ملک بھارت کو پیچھے چھوڑ دیا ہے لیکن اس کے ساتھ ساتھ ملک میں مہنگائی میں بھی اضافہ ہوا ہے اور حکومت پر بدعنوانی اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے الزامات لگتے رہے ہیں۔

    پولیس انسپکٹر بچو میا نے اے ایف پی کو بتایا کہ ربڑ کی گولیاں لگنے سے زخمی کم از کم 20 افراد کو ملک کے سب سے بڑے ڈھاکا میڈیکل کالج ہسپتال لے جایا گیا۔جھڑپیں شہر کے سب سے بڑے کیتھولک چرچ کے سامنے اس وقت شروع ہوئیں جب اپوزیشن کے حامیوں نے لاٹھیوں سے مقابلہ کیا اور مبینہ طور پر ایک بس اور پولیس چوکی نذر آتش کر دی۔

     

    بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی نے پولیس کی جانب سے تشدد پر اتوار کو ملک گیر ہڑتال کی کال دی ہے۔پارٹی کے ترجمان ظاہر الدین سواپن نے اے ایف پی کو بتایا کہ پولیس اور حکمران جماعت کے مسلح کارکنوں نے ہماری پرامن ریلی پر حملہ کیا۔ماضی میں دو مرتبہ وزیر اعظم رہنے والی بی این پی کی علیل رہنما خالدہ ضیا اور حسینہ واجد پرانی حریف ہیں اور کرپشن کے الزامات میں سزا سنائے جانے کے بعد سے گھر میں نظر بند ہیں لیکن اس کے باوجود ان کی جماعت نے جماعت اسلامی کے ساتھ مل کر ملک بھر میں مظاہروں کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔

     

    حکام نے تصدیق کی کہ ریلی سے قبل حزب اختلاف کے سینکڑوں کارکنوں کو حراست میں لے لیا گیاتھا لیکن گرفتاریوں کے باوجود ہفتے کو بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی کے حامی ڈھاکا میں داخل ہوئے اور دارالحکومت میں سڑکوں پر جا بجا چوکیوں کے باوجود بسوں اور ٹرینوں میں سوار ہو گئے۔بی این پی ہیڈ کوارٹر کے سامنے مظاہرے کے دوران ہجوم نے ’ووٹ چور، ووٹ چور، شیخ حسینہ ووٹ چور‘ کے نعرے لگائے۔چٹاگانگ سے تعلق رکھنے والے 24 سالہ طالب علم سکندر بادشاہ نے کہا کہ ہم حسینہ حکومت سے فوری استعفے، ہماری رہنما خالدہ ضیا کی رہائی اور عوام کے ووٹ کے حق کی بحالی کا مطالبہ کرتے ہیں۔

    حکام نے بتایا کہ مظاہروں کے دوران کسی بھی ناخوش گوار واقعے اور ہنگامہ آرائی روکنے کے لیے کم از کم 10 ہزار پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا گیا تھا۔ڈھاکا میٹروپولیٹن پولیس کے ترجمان حسین نے کہا کہ بی این پی کی ریلی میں کم از کم ایک لاکھ افراد شریک ہوئے جبکہ 25ہزار افراد شہر کے مرکزی تجارتی ضلع کے قریب احتجاج میں شامل تھے۔بی این پی کے ترجمان سواپن نے اے ایف پی سے گفتگو کے دوران اس احتجاج کو حسینہ واجد کے استعفے کے لیے آخری کال قرار دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ریلی میں 10 لاکھ سے زیادہ لوگ موجود تھے۔انہوں نے کہا کہ اگر وہ رضاکارانہ طور پر استعفیٰ نہیں دیتی ہیں تو پارٹی ہڑتالوں اور ناکہ بندی جیسے مزید جارحانہ احتجاج کرے گی۔

    سلو اوور ریٹ پر پاکستانی ٹیم پر میچ فیس کا 20 فیصد جرمانہ



    ورلڈ کپ میں جنوبی افریقہ کے خلاف میچ میں سلو اوور ریٹ پر پاکستانی ٹیم پر میچ فیس کا 20 فیصد جرمانہ عائد کر دیا گیا ہے۔جمعہ کو چنئی میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان کی ٹیم پہلے کھیلتے ہوئے 270 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقہ نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان کو ایک وکٹ سے شکست دے کر علامی کپ میں پانچویں کامیابی حاصل کر لی۔

    میچ کے اختتامی اور سنسنی خیز لمحات کے دوران پاکستان نے باؤلنگ اور فیلڈنگ میں کافی تبدیلیاں کیں جس کی وجہ سے میچ سست روی کا شکار ہوا تھا۔میچ کے اختتام پر آئی سی سی ایلیٹ پینل کے میچ ریفری رچر رچرڈسن نے پاکستان ٹیم کو آگاہ کیا کہ وہ مقررہ وقت سے چار اوور پیچھے ہے۔

    انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے کھلاڑیوں اور سپورٹ اسٹاف کے کوڈ آف کنڈٹ کے آرٹیکل 2.22 کے مطابق اگر کوئی بھی ٹیم مقررہ وقت میں اوورز ختم نہ کرسکے تو کھلاڑیوں پر فی اوور میچ فیس کا فیصد جرمانہ عائد کیا جاتا ہے۔پاکستانی ٹیم مقررہ وقت میں چار اوورز پیچھے تھی اسی لیے قومی ٹیم کے کھلاڑیوں پر میچ فیس کا 20فیصد جرمانہ عائد کیا گیا۔

    قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے اپنی غلطی اور سزا کو تسلیم کر لیا جس کے بعد باضابطہ سماعت کی ضرورت محسوس نہیں کی گئی۔قومی ٹیم پر سلو اوور ریٹ کے یہ چارجز فیلڈ امپائر ایلکس وارف اور پال رائفل کے ساتھ ساتھ تھرڈ امپائر رچرڈ النگ ورتھ اور چوتھی امپائر رچرڈ کیٹل برو نے عائد کیے تھے۔

    واضح رہے کہ اس میچ میں قومی ٹیم کی شکست کے بعد ورلڈ کپ کے سیمی فائنل تک رسائی تقریباً ناممکن ہو گئی ہے۔جنوبی افریقہ کے ہاتھوں شکست قومی ٹیم کی ورلڈ کپ میں لگاتار چوتھی ہار تھی اور یہ پہلا موقع ہے کہ گرین شرٹس کو کسی ورلڈ کپ میں لگاتار چار میچوں میں شکستوں کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

    کیا مغرب ایک بار پھر صلیب اور ہلال کی جنگ چاہتا ہے، ترک صدر



     ترک صدر رجب طیب اردوان نےغزہ پر اسرائیل کی وحشیانہ بمباری پر خاموش تماشائی بننے والے مغربی ممالک کے دوہرے معیار پر سخت تنقید کی ہے اور کہا ہےکہ کیا مغرب ایک بار پھر صلیب اور ہلال کی جنگ چاہتا ہے، اگر مغرب نے ایسی کوشش کی تو جان لےکہ ہم ابھی زندہ ہیں۔استنبول میں فلسطینیوں کی حمایت میں نکالی گئی ایک بڑی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ترک صدر کا کہنا تھا کہ ہم پوری دنیا کو بتائیں گےکہ اسرائیل جنگی مجرم ہے، اسرائیلی فوج کے مظالم کے پیچھےمرکزی مجرم مغربی طاقتیں ہیں، ان کی حمایت کے بغیر اسرائیل یہ کچھ نہیں کرسکتا۔رجب طیب اردوان نےمغربی ممالک کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئےکہا کہ آپ یوکرین میں مرنے والوں کے لیے آنسو بہاتے ہیں، لیکن آپ غزہ کے بچوں کے لیے آواز کیوں نہیں اٹھاتے؟اگر ہم کچھ باضمیر آوازوں کو چھوڑ دیں تو غزہ میں جاری قتل عام مکمل طور  پر مغرب کا کام ہے۔

    انہوں نے اسرائیل کے اتحادیوں پر الزام لگایا کہ وہ صلیبی جنگ کا ماحول پیدا کر رہے ہیں۔ترک صدر کا کہنا تھا کہ کیامغرب ایک بارپھر صلیب اور ہلال کی جنگ چاہتا ہے، اگر مغرب نے ایسی کوشش کی تو جان لےکہ یہ قوم ابھی مرینہیں،  ترکیے کے لوگ ابھی زندہ ہیں۔ترک صدر کا کہنا تھا کہ 1947 میں فلسطین کیا تھا اور آج کیا ہے؟ اسرائیل وہاں کیسے آیا؟ اسرائیل ایک غاصب ہے، ایک جنگی مجرم ہے، غزہ میں بدترین جارحیت جاری ہے، اور کتنے بچے، بوڑھے مریں گے تو جنگ بندی کی جائے گی؟

    دوسری جانب ترک صدر کی تقریر پر اسرائیلی وزیرخارجہ بھڑک اٹھے اور ترکیہ سے اپنے سفارتی عملے کو واپس بلانے کا حکم دے دیا۔اسرائیلی وزیر خارجہ ایلی کوہن کا کہنا ہے کہ ترکیہ سے آنے والے سنگین بیانات پر اپنے کچھ سفارتی عملے کو واپس بلایا ہے۔

    انہوں نے علان کیا کہ اسرائیل اور ترکیہ کے تعلقات کا ازسر نو جائزہ لیں گے۔خیال رہے کہ 21 روز سے جاری اسرائیلی حملوں میں7 ہزار 326 سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں، شہیدفلسطینیوں میں3030 بچے،1726 خواتین شامل ہیں۔وزارت صحت غزہ کے مطابق اسرائیل کی بمباری سے18 ہزار 967 افراد زخمی ہوئے ہیں، زخمی فلسطینیوں میں 2000 بچے اور 1400 خواتین شامل ہیں جب کہ 940 بچوں سمیت 1650 فلسطینی لاپتہ ہیں۔

    Scroll to Top