728x90 AdSpace

  • تازہ ترین

    Monday, October 23, 2023

    90 روز میں انتخابات کیس، غلط بیانی پر چیف جسٹس صدر سپریم کورٹ بار پر برہم



    چیف جسٹس پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے غلط حقائق بتانے پر سپریم کورٹ بار کے صدر پر اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ آپ کو غلط بیانی نہیں کرنی چاہیے۔سپریم کورٹ میں 90 دنوں میں عام انتخابات کے انعقاد سے متعلق کیس کی سماعت چیف جسٹس پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ کر رہا ہے، بنچ میں جسٹس امین الدین خان اور جسٹس اطہر من اللہ شامل ہیں۔پی ٹی آئی کی طرف سے وکیل بیرسٹرعلی ظفر ویڈیو لنک کے ذریعے پیش ہوئے۔چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ پی ٹی آئی کی درخواست پر تو رجسٹرار آفس کے اعتراضات کیخلاف اپیل ہے، یہ اپیل تو چمیبرمیں لگتی ہے، کھلی عدالت میں کیسے لگی؟ عابد زبیری صاحب آپ اپنی درخواست میں کیا مانگ رہے ہیں، آپ نے درخواست کب دائر کی اپنی استدعا پر آئیں۔

    پی ٹی آئی کے وکیل علی ظفر نے کہا کہ رجسٹرار نے آئینی درخواست پر اعتراض عائد کیا تھا، ایک درخواست گزار نے کہا کہ میری اپیلیں کیوں مقرر نہیں ہوئیں اس کا علم نہیں، عباد الرحمان لودھی نے بھی عدالت کو بتایا کہ میری درخواست پربھی اعتراضات لگے ہیں، چیمبر میں سماعت نہیں ہوئی۔صدر سپریم کورٹ بار عابد زبیری نے دلائل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہم نے 5 اگست کو مشترکہ مفادات کونسل کا فیصلہ چیلنج کیا۔چیف جسٹس نے عابد زبیری سے استفسار کیا کہ درخواست کب دائر کی اور ابتک سماعت کیلئے مقرر کیوں نہیں ہوئی؟ جس پر وکیل عابد زبیری نے بتایا کہ اگست میں درخواست دائر کی مگر کیس سماعت کیلئے مقرر نہیں ہوا۔چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ ہمیں عدالتی سٹاف نے نوٹ دیا کہ آپ نے جلد سماعت کی کوئی درخواست نہیں دی، یہ تو فوری نوعیت کا معاملہ تھا۔

    وکیل عابد زبیری نے کہا کہ ایڈووکیٹ آن ریکارڈ کو جلد سماعت کی درخواست دی تھی جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ بروقت درخواست مقرر ہوتی تو ابھی تک فیصلہ ہوچکا ہوتا۔عابد زبیری نے کہا کہ درخواست میں استدعا کی کہ الیکشن کمیشن کو 90 روز میں انتخابات یقینی بنانے کا حکم دیا جائے، مشترکہ مفادات کونسل کا مردم شماری کا ریکارڈ شائع کرنے کا آرڈر کالعدم قرار دیا جائے۔چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ مردم شماری شروع اور ختم کب ہوئی؟ وکیل عابد زبیری نے کہا کہ یہ میرے علم میں نہیں جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ آپ آرٹیکل 19 کے تحت ایک خط لکھ کر پوچھ لیتے، وکیل نے کہا کہ ڈیجیٹل مردم شماری کی منظوری دینے کی پریس ریلیز بھی ریکارڈ پر موجود ہے۔

    جسٹس اطہر من اللہ نے استفسار کیا کہ کیا مردم شماری سے متعلق آئین میں کچھ لکھا ہے کہ کب ضروری ہو گی؟ کیا مردم شماری کا انتخابات سے تعلق ہے یا کسی اور مقصد کیلئے ہوتی ہے، مردم شماری کیلئے آئین کا مینڈیٹ کیا ہے؟، وکیل عابد زبیری نے کہا کہ مشترکہ مفادات کونسل کی صرف پالیسی بنانے کا ذکرہے۔چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کیا مردم شماری آئینی ضرورت ہے؟ اس سے پہلے مردم شماری کب ہوئی؟ جسٹس اطہر من اللہ نے بھی کہا کہ اگلا سوال پھر وہی ہوگا کہ مردم شماری کب ہو گی؟وکیل عابد زبیری نے کہا کہ اس سے پہلے مردم شماری 2017 میں ہوئی تھی جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ اس میں تو لکھا تھا کہ وہ ایک عبوری مردم شماری تھی، کیا اس کے بعد کوئی حتمی مردم شماری بھی ہوئی؟ کیا اس مردم شماری پر حتمی ہونے کا کوئی ٹھپہ لگا؟، وکیل نے کہا کہ اسمبلیوں کی تحلیل کے بعد انتخابات 90 دن کے اندر ہونا لازمی ہیں۔

    چیف جسٹس نے وکیل سے استفسار کیا کہ کیا آپ چاہتے ہیں عام انتخابات 2017 کی مردم شماری پر ہوں؟ جس پر عابد زبیری نے کہا کہ نئی مردم شماری اور حلقہ بندی کو بنیاد بنا کر انتخابات میں تاخیر ممکن نہیں، چیف جسٹس نے کہا کہ اگر آپ کی بات مان لیں تو شاید انتخابات مزید تاخیر کا شکار ہو جائیں گے۔عدالت نے 90 روز میں عام انتخابات کروانے کے کیس کی سماعت میں وقفہ کر دیا۔وقفے کے بعد درخواست پر سماعت دوبارہ شروع ہوئی تو صدر سپریم کورٹ بار عابد زبیری نے دلائل کا دوبارہ آغاز کردیا۔چیف جسٹس نے وکیل سے استفسار کیا کہ آپ ہمیں کیا دستاویزات دے رہے ہیں؟ جس پر وکیل عابد زبیری نے کہا کہ میں 2017 کی مردم شماری کی دستاویزات دے رہا ہوں۔چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ 2017 کے بعد مردم شماری کا آغازکرنے میں کتنے سال لگے؟ 2021 میں مردم شماری کا دوبارہ آغاز ہوا، آپ دوسری بارغلط بیانیاں کر رہے ہیں، آپ عدالت کو غلط حقائق بتا رہے ہیں۔

    چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ ایک چیز منسوخ ہو گئی تو اس کا ذکر کرنے کی کیا ضرورت ہے، 2017 میں فیصلہ ہوا تو مردم شماری کا عمل 6 سال بعد کیوں شروع نہ ہوا، کس نے مردم شماری کا آغاز تاخیر سے کیا، آپ حقائق پر مقدمہ نہیں چلا رہے، بلدیاتی انتخابات آئینی تقاضا تھے۔وکیل عابد زبیری نے کہا کہ اپریل 2022 میں ایک حکومت ختم ہوئی، جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ آپ کو اتنی تشویش تھی تو 2017 سے 2021 تک درخواست دائر کیوں نہیں کی؟ اب جب مردم شماری ہو گئی تو آپ کہہ رہے مردم شماری غلط ہوئی ہے۔عابد زبیری نے جواب دیا کہ میرا کہنا یہ نہیں کہ 2023 کی مردم شماری غلط ہے، جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ 2017 سے 2021 تک مردم شماری کی منظوری میں 4 سال لگ گئے، 2021 کی مردم شماری کا آغاز بھی سپریم کورٹ کے فیصلے سے ہوا۔

    جو بھی مردم شماری میں تاخیر کے ذمہ دار ہیں انہیں ذمہ دارٹھہرایا جائے: جسٹس اطہر من اللہ
    جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیئے کہ جو بھی مردم شماری میں تاخیر کے ذمہ دار ہیں انہیں ذمہ دارٹھہرایا جائے، کیا آپ چاہتے ہیں کہ انتخابات کروائے جائیں؟ جس پر عابد زبیری نے جواب دیا کہ جی بالکل ہم اتنی ہی بات چاہتے ہیں۔چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے کہ آپ کی ساری استدعا مردم شماری کے بارے میں ہے، کیا آپ آئین کے آرٹیکل 224 کی عملداری مانگ رہے ہیں؟ جس پر وکییل عابد زبیری نے جواب دیا کہ جی ہاں عدالت سے میری یہی استدعا ہے۔جسٹس اطہر من اللہ نے وکیل سے استفسار کیا کہ 90 دن کب پورے ہو رہے ہیں؟ جس پر عابد زبیری نے بتایا کہ 3 نومبر 2023 کو 90 دن پورے ہوجائیں گے۔چیف جسٹس نے عابد زبیری سے استفسار کیا کہ اگر آج ہم 90 دنوں میں انتخابات کا حکم دیں تو کیا انتخابات ہو سکتے ہیں؟ جس پر وکیل عابد زبیری نے جواب دیا کہ اگر آج عدالت حکم دے تو 3 نومبر کو انتخابات نہیں ہو سکتے جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ پھر اپنی درخواست میں ترامیم کر لیں۔

    چیف جسٹس نے صدر سپریم کورٹ بار سے استفسار کیا کہ صدر مملکت نے انتخابات کی تاریخ نہیں دی تو ہم کیا کریں، کیا ہم صدر مملکت کو تاریخ نہ دینے پر نوٹس دیں۔وکیل عابد زبیری نے کہا کہ صدر مملکت کواستثنیٰ حاصل ہے جس پر چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ صدر مملکت کیخلاف ہم کیا کر سکتے ہیں؟ اپنی رٹ بحال کرنے کیلئے حکم جاری کرسکتے ہیں، اگر کوئی آئین کی خلاف ورزی کررہا ہے تو آرٹیکل 6 لگے گا۔چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ لوکل گورنمنٹ انتخابات کیس میں سپریم کورٹ کے کہنے پر مردم شماری کا فیصلہ کیا گیا، ہم تاریخ کو فراموش نہیں کر سکتے، گزشتہ حکومت نے مردم شماری کرانے کے فیصلے کیلئے 4 سال لگا دیئے۔وکیل عابد زبیری نے کہا کہ خیبرپختونخواہ اور پنجاب میں انتخابات کے احکامات کا حکم بھی اسی عدالت نے دیا تھا۔

    چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ عدالتی فیصلے پر عمدرآمد نہیں ہوا لیکن کیا دو صوبوں میں انتخابات کا کیس زیر سماعت ہے؟ آپ وکیل ہیں لے آئیں ناں کوئی توہین عدالت کی درخواست، کس نے روکا ہے، جب میں بلوچستان کا چیف جسٹس تھا صرف بلوچستان میں بلدیاتی انتخابات ہوئے تھے، تاریخ دینے کے حوالے سے قانون میں ترمیم ہو گئی تھی، کیا آپ کہہ رہے ہیں کہ الیکشن ایکٹ میں ترمیم آئین کےآرٹیکل 48 سے متصادم ہے؟ الیکشن کی تاریخ کس نے دینی ہے؟
    جسٹس اطہر من اللہ نے استفسار کرتے ہوئے کہا کہ کیا آپ انتخابات میں تاخیر چاہتے ہیں؟، انتخابات تو ہونے ہیں، چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ صدرمملکت کو ایک وکیل نے خط لکھا اس کا کیا جواب ملا؟

    چیف جسٹس کے سوال پر وکیل درخواستگزار منیر احمد نے جواب دیا کہ صدر مملکت نے کوئی جواب نہیں دیا جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ آپ تو تاخیرکا ذمہ دار صدر مملکت کو ٹھہرا رہے ہیں۔

    • Blogger Comments
    • Facebook Comments

    0 کمنٹس:

    Post a Comment

    Item Reviewed: 90 روز میں انتخابات کیس، غلط بیانی پر چیف جسٹس صدر سپریم کورٹ بار پر برہم Rating: 5 Reviewed By: sportstimesisb
    Scroll to Top