چینی وزیر اعظم لی چھیانگ نے پاکستانی ہم منصب سے ملاقات کی۔ پاکستانی وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ تیسرے بیلٹ اینڈ روڈ فورم برائے بین الاقوامی تعاون میں شرکت کے لئے بیجنگ میں ہیں۔چینی وزیراعظم نے چین اور پاکستان کو آہنی بھائی قرار دیتے ہوئے کہا کہ چین دونوں ممالک کے رہنماؤں کے درمیان طے شدہ اہم اتفاق رائے کو مزید عملی جامہ پہنانے، اعلیٰ سطح کے تبادلوں اور اسٹریٹجک رابطوں کے فروغ، باہمی فائدہ مند تعاون وسیع کرنے اور نئے دور میں مشترکہ مستقبل کے ساتھ قریبی چین پاکستان برادری کے قیام کو آگے بڑھانے میں پاکستان کے ساتھ ملکر کام کرنے کا خواہش مند ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ چین پاکستان کے ساتھ ملکر چین پاکستان اقتصادی راہداری کی تعمیر، زراعت، مویشی پروری اور ماہی گیری جیسے شعبوں میں تعاون کے امکانات سے فائدہ اٹھانے اور ڈیجیٹل معیشت، ٹیلی مواصلات ، تکنیکی اختراع اور دیگر شعبوں میں تعاون کے فروغ کو تیار ہے۔چینی وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ پاکستان چینی اہلکاروں اور اداروں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کرے گا۔پاکستانی وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ گزشتہ 10 برس میں بیلٹ اینڈ روڈ تعاون کے خاطر خواہ نتائج برآمد ہوئے ہیں۔ پاکستان دہشت گردی کے خلاف ٹھوس اقدامات کرے گا اور پاکستان میں چینی اہلکاروں اور اداروں کے تحفظ کو یقینی بنانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑے گا۔چینی اور پاکستانی وزرائے اعظم کی موجودگی میں دوطرفہ تعاون کی متعدد دستاویزات پر دستخط بھی ہوئے۔
0 کمنٹس:
Post a Comment