ماضی کی مقبول اداکارہ ریما خان نے کہا ہے کہ انہوں نے انتہائی کم عمری میں اداکاری کا آغاز کیا اور محض 16 برس کی عمر میں ہی اسٹار بن گئی تھیں۔ریما خان کا شمار 1990 کی پاکستان کی مقبول فلمی اداکاراؤں میں ہوتا ہے، انہوں نے 200 کے قریب فلموں میں کام کیا، جس میں سے زیادہ تر پنجابی زبان کی فلمیں تھیں۔انہوں نے ’بلندی‘ سے فلم ڈیبیو کیا اور ان کی پہلی فلم ہی کامیاب گئی جب کہ ابتدائی چند سال میں ان کی ریلیز ہونے والی تمام فلموں کو پسند کیا گیا، جس وجہ سے وہ دیکھتے ہی دیکھتے سپر اسٹار بنیں۔ریما خان نے فلموں کے بعد ڈراموں میں بھی کام کیا جب کہ انہوں نے ٹیلی وژن پر متعدد پروگرامات کی میزبانی بھی کی اور ان کا شمار ملک کی بہترین ڈانسرز میں بھی ہوتا ہے۔
ریما خان 2011 میں پاکستانی نژاد امریکی ڈاکٹر طارق شہاب کے ساتھ شادی کرکے امریکا منتقل ہوگئی تھیں۔ریما خان کا ایک بیٹا ہے اور شاندار اداکاری پر مارچ 2019 میں حکومت پاکستان نے ریما کو تمغہ حسن کارکردگی سے بھی نوازا تھا، اس سے قبل وہ متعدد ایوارڈز بھی اپنے نام کر چکی تھیں۔
حال ہی میں انہوں نے ایک نجی ٹی وی چینل شو میں شرکت کی، جہاں انہوں نے کیریئر سمیت دیگر معاملات پر کھل کر بات کی اور بتایا کہ انہیں سپر اسٹار بننے کے لیے کیا کچھ کرنا پڑا۔ریما خان سے جب اپنی خوبصورتی اور فٹنس سے متعلق سوال کیا گیا تو انہوں نے جواب دیا کہ وہ خود سے پیار کرتی ہیں اور یہی ان کی خوبصورتی اور فٹنس کا راز ہے۔
انہوں نے وضاحت کی کہ خود سے پیار کرنے کا مطلب یہ ہے کہ وہ اپنی جسامت سمیت مکمل صحت کا خیال رکھیں گی۔اداکارہ نے ذاتی زندگی پر بات کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح انہوں نے فلموں میں ہیروئن کے کردار ادا کیے، اسی طرح اب وہ حقیقی زندگی کے کردار ادا کرتی دکھائی دیتی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ حقیقی زندگی میں پہلے وہ اداکارہ تھیں، پھر کسی کی بیوی بنیں، پھر ماں بنیں اور اب ان کا دوسرا کردار چل رہا اور حقیقی زندگی کی فلم جاری رہے گی، ان کے کردار تبدیل ہوتے رہیں گے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ ان کے شوبز انڈسٹری میں اس لیے کوئی تنازعات اور اسکینڈلز نہیں ہیں کیوں کہ انہوں نے شروع دن سے ہی اپنے کام پر توجہ دی، کسی سے انہوں نے کوئی لڑائی نہیں کی اور نہ حسد رکھا۔ریما کا کہنا تھا کہ انہوں نے خود سے اچھے اداکار کی تعریفیں کیں اور ان سے سیکھنے کی کوشش کی جب کہ خود سے کم صلاحیتوں والے اداکاروں کو دیکھ کر انہوں نے کبھی غرور نہیں کیا۔
جب ان سے پوچھا گیا کہ انہوں نے کس کام پر زیادہ توجہ دی، جس وجہ سے انہیں اتنی کامیابی ملی تو انہوں نے جواب دیا کہ انہوں نے ہمیشہ ایک نئے اداکار کی طرح کام کیا۔ریما خان نے اعتراف کیا کہ خوش قسمتی سے ان کی پہلی فلم ہی کامیاب گئی اور وہ راتوں رات اسٹار بن گئیں اور اس وقت ان کی عمر 15 یا 16 سال تھی۔
ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ لیکن سپر اسٹار بننے کے لیے انہوں نے دن رات محنت کی، انہوں نے کبھی بھی کامیابی کا بھوت دماغ پر سوار نہیں کیا اور ناکامی کے غم کو دل میں نہیں رکھا، خود سے اچھے اداکاروں کو دیکھ کر انہوں نے حسد نہیں کیا اور برے اداکاروں کو دیکھ کر انہوں نے غرور نہیں کیا۔
0 کمنٹس:
Post a Comment