سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے ضلع مردان اور پاراچنار میں دہشت گردوں کے خلاف دو الگ الگ کارروائیاں کیں جہاں ایک انتہائی مطلوب دہشت گرد کمانڈر کو ہلاک کردیا گیا اور فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کا ایک جوان بھی شہید ہوگیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان میں کہا گیا کہ 28 اور 29 ستمبر کی رات کو دو مختلف کارروائیاں کی گئیں جہاں دہشت گردوں اور سیکیورٹی فورسز کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
بیان میں کہا گیا کہ سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع کی بنیاد پر ضلع مردان میں کاٹلانگ کے شہری علاقے میں کارروائی کی جہاں انتہائی مطلوب دہشت گرد گروپ کا سربراہ فیصل مارا گیا۔کارروائی کے حوالے سے کہا گیا کہ مارا گیا دہشت گرد مختلف سرگرمیوں میں سرگرم تھا اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے لیے انتہائی مطلوب تھے۔بیان میں کہا گیا کہ مارے گئے دہشت گرد کے زیر قبضہ اسلحہ اور بارود بھی تھا جو برآمد کرلیا گیا ہے۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ دوسری کارروائی ضلع کرم کے علاقے پاراچنار میں کی گئی جہاں دہشت گردوں سے فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔بیان میں کہا گیا کہ سیکیورٹی فورسز کے اہلکاروں نے دہشت گردوں کے ساتھ مذکورہ مقام پر مؤثر انداز میں مقابلہ کیا۔آئی ایس پی آر نے کہا کہ دہشت گردوں سے فائرنگ کے تبادلے کے دوران ضلع کرم سے تعلق رکھنے والے 33 سالہ لانس نائیک غیرت خان بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوگئے۔بیان میں مزید کہا گیا کہ پاکستان کی مسلح افواج ملک سے دہشت گردی کا ناسور ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں اور ہمارے بہادر جوانوں کی اس طرح کی قربانیوں سے ہمارا عزم مزید مستحکم ہوتا ہے۔
0 کمنٹس:
Post a Comment