عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی سربراہ کرسٹالینا جارجیوا نے کہا ہے کہ پاکستان سے صرف یہ کہہ رہے ہیں کہ امیروں سے مزید ٹیکس لیے جائیں اور غریبوں کو تحفظ دیا جائے۔نیویارک میں نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ سے ملاقات کے بعد آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیانا نے نجی ٹی وی سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ یہی وہ بات ہے جو پاکستان کے عوام بھی چاہتے ہیں۔نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے سربراہ آئی ایم ایف سے ملاقات کو تعمیری قراردیتے ہوئے کہا کہ کرسٹالینا جارجیوا سے ملاقات میں معاشی تعاون اور استحکام کیلئے کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ ملاقات میں دونوں طرف سے اقتصادی ترقی اور استحکام کیلئے اقدامات کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔دوسری جانب نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ سے نیو یارک میں بل اینڈ ملینڈا گیٹس کے شریک چیئرمین بل گیٹس کی ملاقات ہوئی۔ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے پاکستان سے پولیو کے خاتمے، صنفی مساوات اور بچوں کی نشوونما سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔
اس موقع پر نگران وزیر اعظم نے کہا کہ نگران حکومت اور قومی پولیو ٹاسک فورس ملک بھر سے پولیو کے خاتمے کیلئے پرعزم ہے، انہوں نے امید ظاہر کی کہ جلد ملک کے ہر علاقے سے پولیو کا خاتمہ ممکن ہو جائے گا۔انہوں نے کہاکہ پاکستان بھر سے پولیو وائرس کی منتقلی کی روک تھام کیلئے پرعزم ہیں، حفاظتی ٹیکے اور صحت کی دیگر ضروری خدمات لوگوں کو فراہم کی جا رہی ہیں۔
ملاقات میں بل گیٹس نے کہا کہ پاکستان سے پولیو کا مکمل خاتمہ ہماری اولین ترجیح ہے۔انہوں نے پولیو وائرس کی منتقلی روکنے اور خیبرپختونخوا میں ویکسی نیشن مہم جاری رکھنے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔
0 کمنٹس:
Post a Comment