ملک بھر کے یوٹیلیٹی اسٹورز پر معروف برانڈز کے گھی کی قیمت میں کمی کر دی گئی۔یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کے ترجمان نے بتایا کہ معروف برانڈز کے گھی کی قیمت میں 60 روپے فی کلو کی کمی کی گئی، بی آئی ایس پی رجسٹر صارفین کیلیے قیمت 325 روپے فی کلو کی کر دی گئی۔
ترجمان کے مطابق عام صارفین کیلیے گھی 455 سے کم کر کے 395 روپے فی کلو کر دیا گیا۔گزشتہ روز گھی اور خوردنی تیل کی قیمتوں میں ستمبر کے دوران عمومی کمی کا رحجان دیکھنے میں آیا۔ پاکستان بیورو برائے شماریات کی جانب سے جاری ماہانہ رپورٹ کے مطابق ستمبرکے مہینے میں گھی اور خوردنی تیل کی قیمتوں میں اگست کے مقابلہ میں کمی دیکھنے میں آئی۔
ستمبر میں 5 کلو ڈالڈا آئل کی اوسط قیمت 2977.17 روپے ریکارڈ کی گئی جو اگست کے مقابلہ میں 2.06 فیصد کم ہے۔ اگست میں 5 کلو ڈالڈا آئل کی اوسط قیمت 3039.94 روپے اور گزشتہ سال ستمبر میں 2864.05 روپے ریکارڈ کی گئی تھی۔ڈھائی کلو گرام ڈالڈا گھی کی ستمبر میں اوسط قیمت 1404.80 روپے ریکارڈ کی گئی جو اگست کے مقابلہ میں 1.81 فیصد کم ہے۔ اگست میں ڈھائی کلو گرام ڈالڈا گھی کی اوسط قیمت 1430.63 روپے اور گزشتہ سال ستمبرمیں 1397.53 روپے ریکارڈ کی گئی تھی۔
ایک کلو ڈالڈا گھی کی ستمبرمیں اوسط قیمت 544.44 روپے ریکارڈ کی گئی جو اگست کے مقابلہ میں 1.03 فیصد کم ہے، اگست میں ایک کلو ڈالڈا گھی کی اوسط قیمت 550.13 روپے ریکارڈ کی گئی جو گزشتہ سال ستمبر میں 541.11 روپے تھی۔اعداد و شمارکے مطابق ستمبرمیں ایک کلو سرسوں کے تیل کی اوسط قیمت 525.18 روپے ریکارڈ کی گئی جو اگست میں 529.01 روپے اور گزشتہ سال ستمبر میں 523.36 روپے تھی۔
0 کمنٹس:
Post a Comment