یورپی یونین کے ممالک پاکستان سے اپنی درآمدات کو مزید بڑھائیں۔ احسن بختاوری
اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد کا یورپی یونین سفارتخانے کا دورہ
اسلام آباد ( ) پاکستان میں یورپی یونین کی سفیر اور یورپی یونین وفد کی سربراہ ڈاکٹر رینا کیونکا نے کہا کہ پاکستان کاروبار اور سرمایہ کاری کیلئے ایک بہتر مارکیٹ ہے تاہم ضرورت اس بات کی ہے کہ پاکستان میں معاشی پالیسیوں کا تسلسل یقینی بنایا جائے جس سے مزید غیر ملکی سرمایہ کار پاکستان میں دلچسپی لیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جس نے چیمبر کے صدر احسن ظفر بختاوری کی قیادت میں ان سے ملاقات کی۔ پاکستان میں یورپی یونین کے سیاسی، تجارتی اور کمیونیکیشن سیکشن کے سربراہ اور فرسٹ کونسلر پیوٹر بزٹا بھی اس موقع پر موجود تھے۔
ڈاکٹر رینا کیونکا نے کہا کہ یورپی یونین پاکستان کے لیے سب سے بڑی ایکسپورٹ مارکیٹ ہے لہذا پاکستان کے برآمد کنندگان اپنی برآمدات کو مزید بہتر بنانے کے لیے یورپی یونین کی جی ایس پی پلس سکیم سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔ انہوں نے کہا کہ یورپی یونین پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تجارت کو بہتر کرنے ، براہ راست سرمایہ کاری کو فروغ دینے اور اداروں کی بہتری میں معاونت کرنے کے ساتھ ساتھ پاکستان کو عالمی معیشت سے منسلک کرنے کی خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ یورپی یونین بین الاقوامی مالیاتی اداروں کی مشاورت سے پاکستان کی جاری معاشی اصلاحات کے ایجنڈے کی بھی حمایت کرتی ہے۔ یورپی یونین توانائی کے مسائل کے حل کے لیے پاکستان کے ساتھ تعاون کو وسعت دینے کی خواہاں ہے۔
اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے کہا کہ 2022 میں یورپی یونین کی ملبوسات کی درآمدات 191 ارب یورو سے زائد تھیں جبکہ پاکستان ملبوسات ایکسپورٹ کرنے والا ایک اہم ملک ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ یورپی یونین کے ممالک پاکستان سے ملبوسات کی درآمدات مزید بڑھانے کی کوشش کریں جس سے پاکستان میں صنعت کاری کو بہتر فروغ دینے اور معیشت کو بحال کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے پاکستان کیلئے یورپی یونین کی جی ایس پی پلس اسکیم کو 2027 تک توسیع دینے پر یورپی یونین کی پارلیمنٹ کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ اس سے پاکستانی برآمد کنندگان کے لیے برآمدات بڑھانے کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ اسپیشل سرمایہ کاری سہولت کونسل پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے کے لیے کوشاں ہے اور اس بات پر زور دیا کہ یورپی یونین کے مزید سرمایہ کار کاروبار اور سرمایہ کاری کے لیے پاکستان پر توجہ دیں۔
آئی سی سی آئی کے سینئر نائب صدر فاد وحید نے کہا کہ یورپی یونین دنیا کا سب سے بڑا تجارتی بلاک ہے اور پاکستان بھی جنوبی ایشیا میں علاقائی تجارت کو فروغ دینا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں ایک مضبوط علاقائی تجارتی بلاک کے فروغ کے لیے یورپی یونین پاکستان کے ساتھ ہرممکن تعاون کرے۔
آئی سی سی آئی کے سابق صدر اور یو بی جی پاکستان کے سیکرٹری جنرل ظفر بختاوری نے کہا کہ یورپی یونین کے ممالک باہمی تجارت کے فروغ میں سہولت فراہم کرنے کے لیے پاکستان کے ساتھ براہ راست پروازیں شروع کرنے پر غور کریں ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور یورپی یونین موجودہ کاروباری تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کیلئے نئے تجارتی معاہدے کرنے کی کوشش کریں۔
0 کمنٹس:
Post a Comment