بھارت نے محمد سراج کی تباہ کن باؤلنگ کی بدولت سری لنکا کو ایشیا کپ 2023 کے فائنل میں یکطرفہ مقابلے کے بعد 10 وکٹوں سے شکست دیکر آٹھویں مرتبہ ایشیا کپ جیت گیاکولمبو میں کھیلے جا رہے میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو تباہ کن ثابت ہوا۔پہلے اوور کی تیسری گیند پر جسپریت بمراہ نے کوشل پریرا کو لوکیش راہُل کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کروایا، وہ کوئی رن نہ بنا سکے۔
محمد سراج کی جانب سے کرایا گیا میچ کا چوتھا اوور سری لنکن ٹیم کے لیے کسی ڈراؤنے خواب سے کم نہ تھا جس کی پہلی گیند پر بھارتی باؤلر نے پہلے پاتھم نسانکاکو 2 رنز پر چلتا کیا اور پھر تیسری گیند پر سدیرا سماراوکراما کا بھی کام تمام کردیا۔
ابھی سری لنکن ٹیم اس نقصان سے سنبھلی بھی نہ تھی کہ اگلی ہی گیند پر سراج نے چاتھ اسالانکا کو بھی پویلین واپسی پر مجبور کردیا اور پھر اسی اوور کی آخری گیند پر دھننجیا ڈی سلوا کو بھی واپسی کا پویلین واپسی کا پروانہ تھماتے ہوئے اوور میں چار وکٹیں حاصل کیں۔
سری لنکن ٹیم کی مشکلات میں ابھی کمی ہوئی بھی نہ تھی کہ سراج نے ایک اور کاری ضرب لگاتے ہوئے اپنے اگلے اوور میں داسن شناکا کا کام بھی تمام کردیا۔12 رنز پر 6 وکٹیں گرنے کے بعد ہی میچ کا نتیجہ سب پر واضح ہوچکا تھا تاہم اس خراب صورتحال میں کوشل مینڈس اور دونتھ ویلالاگے نے وکٹیں گرنے کے سلسلے کو تھوڑی دیر کے لیے روک دیا تھا۔
دونوں کھلاڑیوں نے21 رنز جوڑ کر اسکور کو 33 تک پہنچایا ہی تھا کہ مینڈس کی ہمت جواب دے گئی اور سراج نے ایک مرتبہ پھر بہترین کاریگری دکھاتے ہوئے چھٹی وکٹ اپنے نام کر لی۔اس تمام صورتحال میں وکٹوں کی بہتی گنگا میں ہاتھ دھونے کے لیے ہردک پانڈیا میدان میں اترے اور بقیہ تینوں وکٹیں اپنے نام کر کے سری لنکن ٹیم کی بساط 50 رنز پر لپیٹ دی۔
سری لنکا کی پوری ٹیم صرف 50 رنز بنا کر ڈھیر ہو گئی جو ناصرف ایشیا کپ بلکہ بلکہ ون ڈے کرکٹ کی تاریخ کے کسی بھی فائنل کا اب تک کا سب سے کم اسکور ہے۔
بھارتی فاسٹ باؤلر محمد سراج نے 4 اوورز میں 6 رنز کے عوض 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ پانڈیا نے تین اور جسپریت بمراہ نے ایک وکٹ حاصل کی۔بھارت نے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو بھارتی بلے بازوں کو کسی بھی قسم کی مشکل پیش نہ آئی اور انہوں نے اپنی ٹیم کو ساتویں اوور کی پہلی ہی گیند پر فتح سے ہمکنار کرا کر 10 وکٹوں کی شاندار کامیابی کے ساتھ ساتھ نیا ایشین چیمپیئن بھی بنا دیا۔
ایشان کشن نے 23 اور شبمن گل نے 27 رنز بنائے۔محمد سراج کو ان کی عمدہ باؤلنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
0 کمنٹس:
Post a Comment