728x90 AdSpace

  • تازہ ترین

    Saturday, September 30, 2023

    تاجر برادری کی عزت و وقار کا تحفظ آئی سی سی آئی کی اہم ترجیح ہے۔ احسن بختاوری



    اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا 39 واں سالانہ اجلاس عام منعقد ہوا جس میں ممبران کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ سالانہ اجلاس عام میں چیمبر کی آڈٹ رپورٹ اور آئندہ سال کے بجٹ کی منظوری دی گئی۔

    اجلاس عام سے خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے اپنے ایک سالہ دور صدارت کی نمایاں کامیابیوں پر روشنی ڈالی اور تاجر برادری کے اہم مسائل کے حل کے لیے کی جانے والی کوششوں سے شرکاء کو آگاہ کیا۔انہوں نے کہا کہ انہوں نے اپنے ایک سالہ دور میں سب سے بڑا کام تاجربرادری کی عزت و وقار کیلئے کیا ہے اور پچھلے 35، 40سال سے تاجروں کی خدمت کرنے والے بزنس لیڈرز کی خدمات کے اعتراف میں ان کو ایوارڈز سے نوازا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کے ممتاز سرمایہ کاروں سردار محمد الیاس خان اور چوہدری عبدالمجید کے اعزاز میں چیمبر میں بزنس رول ماڈل تقریبات کا انعقاد کیا گیا اور اس سلسلے کو آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس سال کاٹن کی پیداوار میں بہتری سے پاکستان 25ارب ڈالر کی برآمدات کی توقع کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ آرمی چیف کی کوششوں سے اسپیشل انوسٹمنٹ فیسی لیٹشن کونسل کا قیام ایک خوش آئند اقدام ہے جس سے ملک میں سرمایہ کاری بڑھے گی۔ انہوں نے کہا کہ برا وقت گزر چکا ہے اور اب ہم ایک روشن مستقبل کی طرف بڑھ رہے ہیں۔

      احسن بختاوری نے کہا کہ انہیں بزنس کمیونٹی کی خدمت کے لیے ایک سال مزید ملا گیا ہے اور اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ آئندہ سال بزنس کمیونٹی کی مشکلات کے ازالے اور کاروبار کی ترقی میں ان کو سہولت فراہم کرنے کے لیے مزید محنت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ آئی سی سی آئی نے اسلام آباد میں ایک ایکسپو سینٹر کے قیام کے لیے مفاہمیت کی یادداشت پر دستخط کیے ہیں جو ان کے دور کی اہم اہم پیش رفت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آئی سی سی آئی آنے والے سال میں مزید نمائشوں کا انعقاد کرنے کی کوشش کرے گا جن میں کاروباری خواتین کیلئے بھی نمائش لگائی جائے گی جس میں کاروباری سرگرمیوں اور برآمدات کو بہتر فروغ ملے گا۔ انہوں نے اگلے سال کے لیے اپنا وژن شیئر کرتے ہوئے کہا کہ چیمبر سی ڈی اے کے ساتھ مل کر خاص طور پر نظر انداز شدہ مارکیٹوں کی بہتر ترقی پر توجہ دے گا۔ انہوں نے سالانہ اجلاس عام میں شرکت کرنے پر تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور یقین دلایا کہ چیمبر آئندہ سال کاروباری برادری کی فلاح و بہبود اور بہتری کے لیے اپنا فعال کردار ادا کرے گا۔

    آئی سی سی آئی کے گروپ لیڈر خالد اقبال ملک نے اپنے خطاب میں کہا کہ احسن بختاوری تاجر برادری کے مسائل کے حل کے لیے بھرپور کوششیں کر رہے ہیں اور امید ظاہر کی کہ وہ اگلے سال اپنی عمدہ کارکردگی سے ممبران کی توقعات پر پورا اتریں گے۔ انہوں نے کہا کہ احسن بختاوری نے مارکیٹوں کی ترقی کیلئے اپنی جیب سے ایک کروڑ روپے کا فنڈ دیا ہے جبکہ ایک کروڑ روپے چیمبر دے گا اور مزید 2کروڑ دیگر ممتاز کاروباری شخصیات دیں گی۔ اس طرح چیمبر 4کروڑ روپے سے مارکیٹوں میں ترقیاتی کاموں کا آغاز کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ پہلی بار چیمبر کے موجودہ صدر کو سی ڈی اے بورڈ میں نمائندگی دی گئی ہے جو کہ بہت مثبت پیش رفت ہے لہذا حسن بختاوری سی ڈی اے بورڈ میں بزنس کمیونٹی کے مسائل کے حل اور ان کے کاروباری مفادات کو فروغ دینے کے لیے بھرپور انداز میں آواز اٹھائیں گے۔ انہوں نے چیمبر کے سالانہ اجلاس عام میں بھرپور شرکت کرنے پر چیمبر کے ممبران کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ان کی اتنی بڑی تعداد میں شرکت چیمبر پر ان کے اعتماد کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

    • Blogger Comments
    • Facebook Comments

    0 کمنٹس:

    Post a Comment

    Item Reviewed: تاجر برادری کی عزت و وقار کا تحفظ آئی سی سی آئی کی اہم ترجیح ہے۔ احسن بختاوری Rating: 5 Reviewed By: sportstimesisb
    Scroll to Top