پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ نواز شریف کی پاکستانی واپسی کے لیے 21 اکتوبر کا پروگرام حتمی ہے اور بیرون ملک موجود پارٹی رہنماؤں کو پاکستان پہنچ کر استقبال کی تیاریاں کرنے کی ہدایت کردی۔لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے کہا کہ نواز شریف کا پروگرام فائنل ہے اور 21 اکتوبر کو وہ پاکستان تشریف لا رہے ہیں اور پاکستان کے عوام ان کا تاریخی استقبال کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ میڈیا کے توسط سے اپنے بھائیوں اور مسلم لیگی زعما اور رہنماؤں سے گزارش ہے کہ وہ اپنا بیرون سفر 21 اکتوبر کے بعد کریں اور قائد کا فقیدالمثال استقبال کرنا ہے، اس کی تیاری کریں۔ان کا کہنا تھا کہ پارٹی رہنماؤں سے درخواست ہے کہ جو قائد سے لندن میں ملاقات کے خواہش مند ہیں، وہ اب پاکستان میں ملیں۔
نواز شریف کی ملک واپسی کے بعد انتخابات سے قبل مسلم لیگ (ن) کے بیانیے کے حوالے سے ایک سوال پر شہباز شریف نے کہا کہ نواز شریف پاکستان کی ترقی اور خوش حالی کے معمار ہیں، انہی کے دور میں 20،20 گھنٹے کی بجلی کی بندش ختم ہوئی اور اربوں ڈالر کے سی پیک اور پاکستان کے اپنے وسائل سے 12 ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کرکے لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ ہوا۔
ان کا کہنا تھا کہ زراعت ہری ہوگئی، صنعتوں کی چمنیاں بند ہوگئی تھیں وہ چلیں اور روزگار واپس آیا، برآمدات میں اضافہ ہوا، ملک میں سب سے کم سطح 3.5 فیصد پر مہنگائی تھی اور ترقی کی شرح 6.5 فیصد تھی۔
سابق وزیر اعظم نے کہا کہ نواز شریف اسی سفر کو آگے بڑھانے کے لیے پاکستان واپس آرہے ہیں، ترقی اور خوش حالی کا سفر جاری رہے گا۔
0 کمنٹس:
Post a Comment