نگران وزیراعلیٰ پنجاب نے پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی (پی آئی سی) کے ایمرجنسی بلاک کی اپ گریڈیشن کا حکم دے دیا۔وزیراعلیٰ محسن نقوی کی زیرصدارت پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی (پی آئی سی) میں اجلاس ہوا، جس میں ایمرجنسی بلاک کی اپ گریڈیشن سے متعلقہ امور کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس کے دوران محسن نقوی نے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے ایمرجنسی بلاک کی اپ گریڈیشن 3 ماہ میں مکمل کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ آئی سی یو اور آپریشن تھیٹرز نئے بنیں گے، 100 نئے بیڈز کا مزید اضافہ کیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے بیرون ملک سے سرجنز کی خدمات لینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ بورڈ کی منظوری کے بعد کنٹریکٹ پر بھی سرجنز کو ہائر کیا جائے۔اس موقع پر محسن نقوی نے ایمرجنسی کی اپ گریڈیشن کا جائزہ لیا، ہسپتال میں طبی سہولتوں اور وارڈز کا معائنہ کرتے ہوئے مریضوں کی عیادت بھی کی، طبی سہولتوں اور مفت ادویات کے بارے میں دریافت کیا۔
زیرعلاج مریض نے محسن نقوی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ ہی ہماری سنتے ہیں، وزیراعلیٰ کی ہدایت پر صوبائی وزیر ڈاکٹر جاوید اکرم اور ڈاکٹر فرقد عالمگیرنے مریض کو خود اٹینڈ کیا اور علاج تجویز کیا۔
وزیراعلیٰ نے سیکرٹری تعمیرات و مواصلات کو ایمرجنسی بلاک کی اپ گریڈیشن کا کام شروع کرنے کے حوالے سے ہدایات بھی دیں۔صوبائی وزیر سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر ڈاکٹر جاوید اکرم، چیئرمین پی آئی سی ڈاکٹر فرقد عالمگیر، سیکرٹری صحت، سیکرٹری تعمیرات ومواصلات، کمشنر لاہور ڈویژن، سی ای او پی آئی سی ڈاکٹر انجم جلال، ایم ایس ڈاکٹر تحسین اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔
0 کمنٹس:
Post a Comment