وفاقی وزیر برائے مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی ڈاکٹر انیق احمد نے کہا ہے کہ نبی پاک ۖنے تجارت کے پیشے کے ذریعے معا شرے کیلئے اعلی ترین نمونے پیش کیے۔ہمیں ان اصوبوں کو اپنی زندگیوں پر لاگو کرنے کی ضرورت ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں منعقدہ سیرت النبی ۖکے حوالے سے اسناد کی تقسیم کی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیر اعظم نے حج پالیسی 2024 کی منظوری دے دی ہے جس میں حج کے واجبات کی ادائیگی کے لیے دو پیکجز پیش کیے جائیں گے جن میں روپے اور امریکی ڈالر میں ادائیگی شامل ہے۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تاجر برادری کو چاہیے کہ وہ حج کے واجبات کی ادائیگی ڈالر میں کریں تاکہ ملک کے زرمبادلہ کے ذخائر کو بہتر بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ حج کی ادائیگی امریکی ڈالرز میں کریں گے انہیں بغیر بیلٹنگ کے حج پر بھیجا جائے گا۔ تاجر برادری ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے، اسے تجارت اور برآمدات کو فروغ دے کر معیشت کی مضبوطی میں مزید مو ثر کردار ادا کرنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ نبی پاکۖ کی سیرت کے حوالے سے پروگرام کے انعقاد پر میں چیمبر کے صدر اور ان کی ٹیم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ہمیں نبی پاک کا امن ،محبت اور بھائی چارے کا پیغام عام کرنے کی ضرورت ہے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صدر اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ا حسن ظفر بختاوری نے کہا کہ ملک کو موجودہ معاشی بحران سے نکالنے کیلئے مذہبی سیاحت کو فروغ دیا جائے۔ حکومت پاکستان میں مذہبی سیاحت کے فروغ کے لیے بھرپور اقدامات کرے۔ جس سے معیشت کو فائدہ ہوگا۔ پاکستان میں مذہبی سیاحت کو فروغ دینے کی بڑی صلاحیت موجود ہے اور حکومت کو چاہیے کہ معیشت کے فائدے کے لیے اس ناقابل استعمال صلاحیت سے فائدہ اٹھانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے۔ آئی سی سی آئی نے اپنی مذہبی امور کمیٹی کے تعاون سے سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم پر ایک کورس کا انعقاد کیا ہے تاکہ ممبران کو سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم سے آگاہ کیا جا سکے۔ انہوں نے تجویز دی کہ حکومت کو چاہیے کہ حج پالیسی میں ملک بھر کے چیمبر آف کامرس کے لیے کوٹہ مختص کرے تاکہ ممبران کو حج کی ادائیگی میں آسانی ہو۔تقریب سے خطاب میں معروف مذہبی سکالر مفتی عدنان کاکا خیل نے کہ تاجر برادری کے لیے سیرت النبی ۖپر کورس کے انعقاد پر آئی سی سی آئی کے اقدام کو سراہتے ہوئے خواہش ظاہر کی کہ یہ سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رکھا جائے۔انہوں نے کہا کہ معاشرے کے ہر طبقہ فکر کو سیرت کے حقیقی پیغام سے روشناس کرانے کیلئے حکومت ،سوسائٹی سمیت ہر سطح پر اقدامات کی ضرورت ہے۔ہمیں خاص طور پر اپنے بچوں کو سیرت پاک کے پوشیدہ پہلوئوں سے آگاہ کرنا چاہیے۔انہوں نے زور دیا کہ تاجر اپنے کاروبار میں سیرت کے واضح اصولوں کو سامنے رکھیں۔ سینئر نائب صدر فاد وحید،نائب صدر انجینئر اظہر الاسلام ظفر ،سابق ایم این اے کنور قطب الدین، سابق صدر و سیکرٹری جنرل UBG پاکستان ظفر بختاوری ، صدر آل پاکستان انجمن تاجران اجمل بلوچ ،صدر تنظیم تاجران پاکستان محمد کاشف چوہدری ، محمد اعجاز عباسی، زاہد عباسی، طارق نصرت وانی کنوینر آئی سی سی آئی مذہبی امور کمیٹی، رانا محمد اسلم، محمود احمد وڑائچ اور دیگر موجود تھے۔اس موقع پر سیرت النبی کورس مکمل کرنے والے 65 طلباء میں اسناد تقسیم کی گئی۔
Monday, October 9, 2023
- Blogger Comments
- Facebook Comments
0 کمنٹس:
Post a Comment