مظفر آباد (یو این آئی )آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم چوہدری انوار الحق نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے عوام کے حقوق کو آئینی تحفظ فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے جسے ترجیحی بنیادوں پر پورا کیا جائے گا۔مظفرآباد میں نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پرامن احتجاج کرنا ہر شہری کا بنیادی حق ہے تاہم حکومت کسی کو احتجاج کی آڑ میں ریاستی رٹ کو چیلنج کرنے کی اجازت نہیں دے گی۔
آزاد جموں و کشمیر کے وزیر اعظم نے سوشل میڈیا پر آزاد کشمیر کی صورتحال کے بارے میں جاری بدنیتی پر مبنی مہم کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ عوام سے ٹیکس کا جو پیسہ اکٹھا کیا جائے گا وہ ان پر خرچ کیا جائے گا۔
انوارالحق نے کہا کہ آزاد کشمیر میں انارکی کی کوئی صورتحال نہیں اور ہر طرف امن ہے۔انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ کسی کو آزاد کشمیر کی پرامن فضا خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
انہوں نے واضح کیا کہ حکومت مذاکرات کے لیے ہمیشہ تیار ہے کیونکہ مظاہرین کے لیے مذاکرات کے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وکلاء، تاجر اور سول سوسائٹی کے ارکان ہمارے بھائی ہیں اور حکومت ان سے بات کرنے کے لیے ہر وقت تیار ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم عوام کو 1500 روپے سبسڈی دے رہے ہیں جبکہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں کی مد میں 18 ارب روپے برداشت کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم آزاد کشمیر کے عوام کا احساس محرومی ختم کریں گے۔انوار الحق نے اتحادیوں کی مشاورت سے ریاست کے عوام کی بہتری اور بہبود کے لیے کام کرنے کا عہد کیا۔
0 کمنٹس:
Post a Comment